تاثیر 19 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
ممبئی، 18 ستمبر: ریاست کے بعض اضلاع میں بارش کا سلسلہ شروع ہونے کے باوجود کئی علاقے اب بھی اچھی بارش کے منتظر ہیں۔ اسی دوران خلیج بنگال میں موسم میں ہونے والی تبدیلی کے باعث مہاراشٹر میں دوبارہ بارش کا امکان پیدا ہوگیا ہے۔ سینیئر ماہر موسمیات کرشنانند ہوسالیکر نے اندازہ ظاہر کیا ہے کہ آئندہ 20 سے 25 ستمبر کے درمیان مہاراشٹر اور گوا کے علاقوں میں بارش کا زور بڑھ سکتا ہے۔ اس پیش گوئی سے ریاست کے کئی اضلاع کو راحت ملنے کی امید ہے اور خاص طور پر اندرونی علاقوں میں بھی بارش کی شدت بڑھنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے اندازے کے مطابق 19 سے 22 ستمبر کے درمیان سانگلی، ستارا، کولہاپور اور پونے اضلاع میں درمیانی سے موسلادھار بارش ہوسکتی ہے۔ 21 ستمبر کو ناسک میں بھی درمیانی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ احمد نگر، مراٹھواڑہ اور ودربھ کے بعض علاقوں میں درمیانی بارش ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ 22 ستمبر کو مراٹھواڑہ میں بارش کا سلسلہ برقرار رہنے کا امکان ہے۔ اسی طرح 21 سے 28 ستمبر کے دوران مہاراشٹر کے بیشتر علاقوں میں اچھی بارش ہونے کی توقع ہے۔ مانسون کے آخری مرحلے میں ہونے والی یہ بارش طویل عرصے سے خشک موسم کا سامنا کرنے والے کسانوں کے لیے کسی حد تک راحت کا باعث بن سکتی ہے۔

