ٹرک روک کر سویا بین تیل کے 450 ڈبے کی لوٹ، ایس پی نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا۔

تاثیر 10 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

ٹھاکرگنج (محمد شاداب غیور): کشن گنج ضلع سے متصل بہادر گنج تھانہ حلقہ کے نٹواپاڑہ اینٹ بھٹہ کے قریب ٹرک سے سویا بین آئل لوٹے جانے کے معاملے میں کشن گنج پولیس نے تحقیقات تیز کر دی ہے۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ سنتوش کمار نے بدھ، 9 ستمبر 2026 کو جائے وقوعہ کا معائنہ کیا۔ اس دوران انہوں نے آس پاس موجود مقامی لوگوںسے بھی واقعہ کے سلسلے میں ضروری پوچھ تاچھ کی۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ نے معاملے کا جلد از جلد انکشاف، واردات میں ملوث ملزمان کی گرفتاری اور لوٹے گئے سامان کی برآمدگی کے لیے سب ڈویژنل پولیس افسر، کشن گنج کی قیادت میں خصوصی تحقیقاتی ٹیم (SIT) تشکیل دی ہے۔ ایس پی نے متعلقہ پولیس افسران کو واقعہ کے تمام پہلوؤں کی باریک بینی سے جانچ کرتے ہوئے فوری کارروائی کی ہدایت دی ہے۔ پولیس کے مطابق 8 ستمبر کی رات تقریباً 2:15 بجے ٹرک نمبر WB61B6566 جوگبانی سے گوہاٹی کی جانب جا رہا تھا۔ ٹرک میں سویا بین آئل کے تقریباً 1500 ڈبے لدے ہوئے تھے۔ الزام ہے کہ نامعلوم جرائم پیشہ افراد نے بہادر گنج تھانہ حلقہ کے NH-327E پر ٹرک کو روک کر ڈرائیور اور خَلّاسی کو یرغمال بنا لیا۔ اس کے بعد ٹرک کو نٹواپاڑہ واقع اینٹ بھٹہ کے قریب لے جاکر اس میں لدے سویا بین آئل کے تقریباً 450 ڈبے دوسرے ٹرک میں لوڈ کرکے فرار ہوگئے۔ واقعہ کی اطلاع ملنے پر بہادر گنج تھانہ صدر پولیس ٹیم کے ساتھ موقع پر پہنچے اور جائے وقوعہ کا معائنہ کیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کر دی ہے۔ ایس ڈی پی او، پولیس انسپکٹر، تھانہ صدر سمیت دیگر پولیس افسران کو ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے ساتھ لوٹے گئے سامان کی برآمدگی کے لیے ضروری ہدایات دی گئی ہیں۔