بنگالی سنیما کے عظیم اداکار اتم کمار کے نام پر نیو ٹاؤن میں فلم سینٹر قائم ہوگا

تاثیر 04 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

کولکاتا، 4 ستمبر:بنگالی سنیما کے عظیم اداکار اتم کمار کی صد سالہ یومِ پیدائش کے موقع پر ریاستی حکومت نے فلمی دنیا سے متعلق ایک اہم پہل کی ہے۔ ریاست کے محکمہ اطلاعات و ثقافت کی جانب سے نیو ٹاؤن میں ’اتم کمار فلم سینٹر‘ تعمیر کیا جائے گا۔ تقریباً 25 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے اس فلم سینٹر کی سنگِ بنیاد رکھی جائے گی۔ جمعہ کی صبح وزیر اعلیٰ شبھیندو ادھیکاری نے عظیم اداکار اتم کمار کی صد سالہ یومِ پیدائش کے موقع پر منعقدہ واک کی قیادت کی۔
اس سے قبل جمعرات کی شام نندن کمپلیکس میں ریاستی حکومت کے محکمہ اطلاعات و ثقافت کی پہل پر عظیم اداکار اتم کمار کے صد سالہ سال کی تقریبات کا آغاز کیا گیا۔
حکومت کے مطابق مجوزہ اتم کمار فلم سینٹر کو تین اہم حصوں میں تیار کیا جائے گا۔ پہلے حصے میں 700 سے 750 نشستوں کی گنجائش والے دو سنیما ہال، ایک پری ویو تھیٹر، فوڈ کورٹ اور گاڑیوں کی پارکنگ کی سہولت ہوگی۔ دوسرے حصے میں ثقافتی پروگراموں کے لیے تقریباً 1,000 ناظرین کی گنجائش والا آڈیٹوریم اور اوپن ایئر تھیٹر بنایا جائے گا۔