تاثیر 02 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 2 ستمبر: اے آئی ایم آئی ایم کے ترجمان سید عاصم وقار بدھ کو کانگریس میں شامل ہوگئے۔ انہوں نے پارٹی ہیڈکوارٹر میں منعقدہ ایک پروگرام میں کانگریس کی رکنیت حاصل کی۔ اس موقع پر اتر پردیش کانگریس کے انچارج راجندر پال گوتم، ریاستی صدر اجے رائے اور کانگریس اقلیتی شعبے کے چیئرمین عمران پرتاپ گڑھی موجود تھے۔
اس موقع پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے عاصم وقار نے کہا کہ اگر ملک سے سچی محبت ہے اور بی جے پی کو اقتدار سے ہٹانا ہے تو کانگریس کے ساتھ آنا ضروری ہے، کیونکہ کانگریس مضبوطی کے ساتھ بی جے پی کے خلاف لڑ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اے آئی ایم آئی ایم میں رہتے ہوئے انہیں محسوس ہوا کہ پارٹی بی جے پی اور اس کی نظریاتی سوچ کے خلاف لڑنے کی بات کرتی ہے، لیکن عملی طور پر ان لوگوں سے لڑ رہی ہے جو بی جے پی کے خلاف ہیں۔ اسی وجہ سے انہوں نے کانگریس کے ساتھ آنے کا فیصلہ کیا۔
وقار نے کہا کہ ملک سے محبت کرنے والے لوگ بی جے پی حکومت کو اقتدار سے ہٹانا چاہتے ہیں تاکہ ملک میں سیکولر اور عوامی مفاد کی حکومت قائم کی جا سکے۔ کانگریس ہی وہ پارٹی ہے جو مضبوطی کے ساتھ بی جے پی کے خلاف جدوجہد کر رہی ہے۔راجندر پال گوتم نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی کی قیادت میں ملک بھر میں تعلیم، روزگار، طلبہ، خواتین اور محروم طبقات کے مسائل کو لے کر تحریک چلائی جا رہی ہے۔ راہل گاندھی ہر طبقے کی آواز مضبوطی سے اٹھا رہے ہیں اور حکومت کو مسلسل ہر محاذ پر متنبہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ راہل گاندھی کی نظریاتی سوچ سے متاثر ہوکر مختلف جماعتوں کے سینئر رہنما کانگریس سے وابستہ ہو رہے ہیں اور ملکارجن کھرگے اور راہل گاندھی کے ہاتھ مضبوط کر رہے ہیں۔

