تاثیر 10 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
ممبئی ، 10 ستمبر :طویل عرصے سے فولڈ ایبل آئی فون کا انتظار کرنے والے ٹیکنالوجی صارفین کا انتظار بالآخر ختم ہوگیا ہے۔ ایپل نے اپنا پہلا فولڈ ایبل آئی فون ڈیوو کے نام سے پیش کردیا ہے۔ اس فون کی ساخت کتاب کی طرح کھلنے والی ہے اور فولڈ کرنے کے بعد یہ پاسپورٹ کی طرح دکھائی دیتا ہے۔آئی فون ڈیوو کے بیرونی حصے پر 5.4 انچ کا ڈسپلے دیا گیا ہے، جبکہ فون کھولنے کے بعد اندر 7.6 انچ کی بڑی اسکرین دستیاب ہوتی ہے۔ ایپل کے مطابق یہ اب تک کسی بھی آئی فون میں دیا جانے والا سب سے بڑا ڈسپلے ہے۔ فون کو پریمیم شکل دینے کے لیے ٹائٹینیم فریم اور سیرامک سیلڈ گلاس استعمال کیا گیا ہے۔ یہ فون آئی پی 68 ریٹنگ کے ساتھ آتا ہے، جس کے باعث اسے دھول اور پانی سے تحفظ حاصل رہتا ہے۔آئی فون ڈیوو کو فی الحال اسٹار وائٹ اور نائٹ اسکائی کے 2 رنگوں میں پیش کیا گیا ہے۔ کارکردگی کے لیے اس میں اے 20 پرو چپ دی گئی ہے۔ فون کے پچھلے حصے میں 48 میگا پکسل کے 2 کیمرے موجود ہیں۔ اس کے علاوہ ایپل نے اس فون میں ایپل پنسل کی سہولت بھی دی ہے۔ آئی فون میں پہلی مرتبہ یہ خصوصیت دستیاب ہوگی۔

