یوپی ٹیکسٹائل کانکلیو 2026 میں وزیر اعلیٰ یوگی کا خطاب، اب اتر پردیش فسادات، کرفیو اور بدامنی سے پاک ہے

تاثیر 08 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

لکھنؤ، 8 ستمبر: اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے منگل کو یہاں اندرا گاندھی پرتشٹھان میں یوپی ٹیکسٹائل کانکلیو 2026 کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ اتر پردیش میں صنعتیں مضبوط ہورہی ہیں ۔ ہمارے پاس دنیا کی سب سے نوجوان ورک فورس موجود ہے۔ ذراعت کے بعد سب سے زیادہ روزگار پیدا کرنے والا شعبہ ٹیکسٹائل انڈسٹری ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ ساڑھے نو برسوں میں ہم نے ایک نئی کہانی لکھنے کی بنیاد تیار کی ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے اس شعبے کے لیے اہداف مقرر کیے ہیں۔ یہ قومی عزم اسی وقت پورا ہوگا جب اتر پردیش اس میں اپنا اہم کردار ادا کرے گا۔
صنعت کاروں سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ یوگی نے کہا کہ 2017 سے پہلے اتر پردیش کی صورت حال کیا تھی، یہ کسی سے پوشیدہ نہیں ہے۔ ریاست میں قانون و انتظام کی حالت انتہائی خراب تھی۔ ہر ضلع میں مافیا کی حکومت چلتی تھی۔ پوری ریاست میں قتل، تاوان اور اغوا کا کاروبار عروج پر تھا۔انہوں نے کہا کہ پیشہ ور مافیا اور بدمعاش اقتدار کے متوازی اپنا نظام چلاتے تھے۔ کوئی سرمایہ کار باہر سے کاروبار کا خواب لے کر آتا تھا تو واپسی پر اس کے ہاتھ میں وصولی کی پرچی ہوتی تھی۔ مافیا بندوقیں لہراتے ہوئے کہیں سے بھی آ سکتے تھے اور جس زمین پر ہاتھ رکھ دیتے، اسے اپنی ملکیت سمجھتے تھے۔ اس وقت کی حکومت خاموش تماشائی بنی رہتی تھی۔یوگی نے کہا کہ اتر پردیش کے شہریوں کے سامنے شناخت کا بحران پیدا ہوگیا تھا۔ ریاست سے باہر اتر پردیش کے لوگوں کو نہ رہائش ملتی تھی اور نہ ہی ہوٹل میں کمرہ دیا جاتا تھا۔ کسی معاشرے کے لیے اس سے بڑی بدقسمتی اور کیا ہوسکتی ہے۔