صاف توانائی کا مستقبل اور قابل اعتماد سپلائی چین ہندوستان-بیلجیم کی مشترکہ ترجیحات: وزیر اعظم

تاثیر 03 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 03 ستمبر: وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو کہا کہ ہندوستان اور بیلجیم کے تعلقات روایتی شعبوں سے آگے بڑھ کر دفاع اور صاف توانائی جیسے اسٹریٹجک شعبوں تک پہنچ گئے ہیں۔ صاف توانائی کا مستقبل اور قابل اعتماد سپلائی چین دونوں ممالک کی مشترکہ ترجیحات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ پانچ برسوں میں دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تجارت کو دوگنا کیا جائے گا۔ دونوں ممالک کے درمیان فوجی اور تربیتی تعاون کو مضبوط بنانے پر بھی اتفاق ہوا ہے اور دونوں ملک اپنی ایجنسیوں کے درمیان انٹیلی جنس معلومات کا تبادلہ کریں گے۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو بیلجیم کے وزیر اعظم بارٹ ڈی ویور کے ساتھ وفد کی سطح پر بات چیت کی۔ مذاکرات کے بعد دونوں رہنماؤں نے مشترکہ پریس بیان جاری کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ دونوں ممالک ’زوراو ر‘ ٹینک جیسے جدید دفاعی آلات پر مل کر کام کر رہے ہیں۔ آندھرا پردیش کے کاکیناڈا میں دنیا کے سب سے بڑے گرین امونیا منصوبوں میں سے ایک تیار کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ قابل تجدید توانائی کے شعبے میں آج دونوں ممالک کے درمیان ایک معاہدہ بھی ہوا ہے۔ نایاب معدنیات کی پروسیسنگ اور ری سائیکلنگ میں تعاون بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔