تاثیر 05 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
کٹھمنڈو، 5 ستمبر:نیپال میں 26 اگست کو تباہ کن برفانی تودے گرنے اور اچانک آنے والے سیلاب نے پورے ملک کو ہلا کر رکھ دیا۔ اس سانحے کے دسویں روز ہفتہ کو رسوا سمیت سیلاب سے متاثرہ مختلف اضلاع میں اب تک 1,344 افراد کی لاشیں ملنے کی تصدیق ہوئی ہے۔نیپال حکومت کی قومی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے ہفتہ کی دوپہر ایک بجے جاری اپ ڈیٹ کے مطابق، رسوا میں 160، نواکوٹ میں 192، دھادنگ میں 67، گورکھا میں 73، تنہو میں 38، نول پراسی مشرق میں 222، نول پراسی مغرب میں 230 اور چتوان میں 360 افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ وہیں، کٹھمنڈو میں علاج کے دوران 2 افراد کی موت ہوئی ہے۔اب تک ملنے والی لاشوں میں 269 خواتین، 489 مرد، 52 بچیاں اور 33 بچے شامل ہیں۔ اس کے علاوہ 501 انسانی باقیات بھی برآمد کی گئی ہیں۔ حکومت کے مطابق، اب تک صرف 96 لاشوں کی شناخت کرکے انہیں لواحقین کے حوالے کیا جا سکا ہے۔

