تاثیر 13 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 13 ستمبر: دہلی میں غیر قانونی شراب کی فروخت اور اسمگلنگ پر روک لگانے کے لیے دہلی کے محکمہ ایکسائز نے نفاذی کارروائی تیز کردی ہے۔ محکمہ نے اپریل سے اگست تک غیر قانونی شراب کی فروخت اور نقل و حمل کے معاملات میں 725 ایف آئی آر درج کرکے 730 افراد کو گرفتار کیا ہے۔ اس دوران غیر قانونی شراب لے جانے والی 197 گاڑیاں ضبط کی گئی ہیں۔ وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے اتوار کو ایک بیان میں کہا کہ حکومت غیر قانونی شراب کے کاروبار کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر کام کر رہی ہے۔ اسی مقصد سے دہلی حکومت ایک مؤثر ایکسائز پالیسی بھی تیار کر رہی ہے۔
محکمہ ایکسائز کے مطابق دہلی کی جغرافیائی سرحدیں پڑوسی ریاستوں سے جڑی ہونے کی وجہ سے یہاں تقریباً 70 چھوٹے بڑے داخلی راستے ہیں۔ ان راستوں کے ذریعے غیر قانونی شراب کی اسمگلنگ کا امکان رہتا ہے۔ اسے دیکھتے ہوئے محکمہ کی نفاذی شاخ مسلسل نگرانی رکھتی ہے اور غیر قانونی شراب کی فروخت یا نقل و حمل میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کرتی ہے۔
مالی سال 2025-26 میں اپریل سے اگست کی اسی مدت کے دوران محکمہ نے 315 ایف آئی آر درج کی تھیں اور 312 افراد کو گرفتار کیا تھا۔ اس مدت میں 112 گاڑیاں ضبط کی گئی تھیں اور تقریباً ایک لاکھ بوتل غیر قانونی شراب برآمد کی گئی تھی۔ اس سال اسی مدت میں نفاذی کارروائیوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ مالی سال 2026-27 میں اپریل سے اگست 2026 تک غیر قانونی شراب کی فروخت اور نقل و حمل کے معاملات میں 725 ایف آئی آر درج کرکے 730 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔

