ہوڑہ مسلم ہائی اسکول کی شاندار کامیابی، اشفیہ ناز ’’بیسٹ لیڈی پارلیمنٹرین‘‘ قرار

تاثیر 11 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

ہوڑہ، 11/ ستمبر (عبدالقیوم انصاری) حکومتِ مغربی بنگال کے محکمۂ پارلیمانی امور کے زیرِ اہتمام یوتھ پارلیمنٹ مقابلہ 2026-27 میں ہوڑہ مسلم ہائی اسکول (ایچ ایس) نے قابلِ فخر کامیابی حاصل کی ہے۔ اسکول کی جماعت گیارہویں کی طالبہ اشفیہ ناز کو بلاک (H.M.C) سطح کے یوتھ پارلیمنٹ مقابلے میں ’’بیسٹ لیڈی پارلیمنٹرین‘‘ کے اعزاز سے نوازا گیا۔
اس کامیابی کو اسکول کے شعبۂ پارلیمانی امور کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔ طالبہ کی بہترین کارکردگی کے لیے اسکول سے وابستہ اساتذہ، معاونین اور دیگر متعلقہ افراد کی محنت، رہنمائی اور حوصلہ افزائی کو اہم قرار دیا گیا ہے۔
اس موقع پر باالخصوص متذکرہ بالا اسکول کے ہیڈ ماسٹر عبدالرؤف، جناب سلیم جاوید، جناب خالد محمود، جناب محمد فیروز اور جناب تنویر عظیم فرازی کی خدمات اور تعاون کو سراہتے ہوئے ان کا خصوصی شکریہ ادا کیا گیا۔ بتایا گیا کہ مذکورہ اساتذہ نے اپنا قیمتی وقت صرف کرتے ہوئے طالبہ کی تیاری، رہنمائی اور حوصلہ افزائی میں نمایاں کردار ادا کیا۔
اس شاندار کامیابی پر اسکول کی انتظامیہ، اساتذہ اور طلبہ نے اشفیہ ناز کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے مستقبل میں بھی یوتھ پارلیمنٹ اور دیگر تعلیمی سرگرمیوں میں مزید کامیابیوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ تقریب میں دیگر شرکاء طلباء میں شکیلہ بیگم، نفیسہ ناز، زینت خاتون اور اسکول کی ایڈمنسٹریٹر ببیتا گلوئی کے نام قابلِ ذکر ہیں۔