تاثیر 10 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
جموں, 10 ستمبر: جموں میونسپل کارپوریشن (جے ایم سی) نے جمعرات کو ستوار? چوک میں تقریباً 20 دکانوں کو منہدم کر دیا، جس پر متاثرہ دکانداروں نے شدید ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے الزام لگایا کہ کارروائی سے قبل انہیں کوئی پیشگی نوٹس یا اطلاع نہیں دی گئی۔دکانداروں کے مطابق یہ دکانیں گزشتہ تقریباً 50 برس سے قائم تھیں اور وہ باقاعدگی سے میونسپل حکام کو ماہانہ کرایہ ادا کرتے رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اچانک کارروائی کے باعث انہیں اپنا سامان منتقل کرنے یا متبادل انتظام کرنے کا موقع بھی نہیں ملا۔جے ایم سی حکام نے کہا کہ متاثرہ دکانداروں کو چھ ماہ کے اندر متبادل مقام پر منتقل کیا جائے گا۔ تاہم دکانداروں نے اس یقین دہانی کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس سے قبل بھی بازآبادکاری کے وعدے کیے گئے تھے، لیکن عملی طور پر انہیں کوئی متبادل جگہ نہیں ملی۔واضح رہے کہ ستوار? علاقے میں سڑک کی توسیع اور ترقیاتی کاموں سے متاثرہ دکانداروں کی بازآبادکاری کا معاملہ طویل عرصے سے زیر التوا ہے۔ جموں و کشمیر کابینہ پہلے ہی متاثرہ دکانداروں اور کھوکھے مالکان کی بحالی و بازآبادکاری کے منصوبے کی منظوری دے چکی ہے۔ تاجر تنظیمیں بھی متاثرہ دکانداروں کو متبادل جگہ فراہم کرنے کا مطالبہ کرتی رہی ہیں۔

