جونیئر ایشیا کپ: انمول ایکا کے چھ گول سے چینی تائپے کو 0-15 سے ہراکر ہندوستان سیمی فائنل میں پہنچا

تاثیر 09 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

موکی، 09 ستمبر:دفاعی چمپئن ہندوستان نے اے ایچ ایف جونیئر ایشیا کپ 2026 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بدھ کو پول-اے کے اپنے آخری مقابلے میں چینی تائپے کو 0-15 سے ہرا کر سیمی فائنل میں داخلہ حاصل کیا۔ کپتان انمول ایکا نے چھ گول داغ کر ہندوستان کی شاندار فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ہندوستان نے ابتدائی کوارٹر میں بغیر کسی گول کے رہنے کے بعد اگلے تین کوارٹرز میں پوری طرح غلبہ قائم رکھا۔ انمول کے تمام چھ گول پنالٹی کارنر سے آئے۔ پانچ بار کی چیمپئن ہندوستانی ٹیم نے تین جیت اور ایک ڈرا سے 10 پوائنٹس حاصل کر کے پول-اے میں سرفہرست پوزیشن حاصل کی۔جنوبی کوریا نے جاپان کو 2-3 سے ہرا کر نو پوائنٹس کے ساتھ پول میں دوسرا مقام حاصل کیا اور سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔ جاپان، انڈونیشیا اور چینی تائپے کی ٹیمیں ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئیں اور اب درجہ بندی (کلاسیفکیشن) کے مقابلے کھیلیں گی۔
چینی تائپے نے پہلے کوارٹر میں ہندوستانی حملوں کو روک کر سب کو حیران کر دیا۔ ہندوستان نے گیند پر کنٹرول برقرار رکھا اور کئی مواقع بنائے، لیکن مضبوط تائپے دفاعی لائن کو نہ توڑ سکا۔ دو منٹ کے کوارٹر وقفے کے دوران ہیڈ کوچ فریڈرک سوئیز نے کھلاڑیوں کو مزید جارحیت کے ساتھ کھیلنے کی ترغیب دی، جس کا اثر اگلے ہی کوارٹر میں نظر آیا۔آرین ایکیس نے 17ویں منٹ میں ہندوستان کا کھاتہ کھولا، جبکہ ایک منٹ بعد پربھ دیپ سنگھ نے سبقت دوگنی کر دی۔ گرسیوک سنگھ نے 22ویں منٹ میں تیسرا گول کیا۔