تاثیر 06 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
سنگھواڑہ دربھنگہ (محمد مصطفٰی) سمری تھانہ حلقہ کی بھراٹھی پنچایت کے کنور پٹی گاؤں کے وارڈ نمبر 12 میں ہفتہ کی دیر رات کرشن جنم اشٹمی کے موقع پر منعقد آرکیسٹرا پروگرام کے دوران چاقو بازی میں ایک مزدور نوجوان کی موت ہوگئی، جبکہ دوسرا شدید طور سے زخمی ہوگیا متوفی کی شناخت کنور پٹی باشندہ راماشیش رام کے 19 سالہ بیٹے کملیش رام کے طور پر ہوئی ہے۔ کملیش مزدوری کرکے اپنے خاندان کی کفالت کر رہا تھا۔ وہ پانچ بہنوں اور چار بھائیوں میں آٹھویں نمبر پر تھا زخمی سمن کمار (18) سنگھواڑہ تھانہ حلقہ کے ٹھکنیہ باشندہ رام کشور رام کا بیٹا ہے، جو اپنے پھوپھا کے گھر آیا ہوا تھا۔ اہل خانہ کے مطابق، دیر رات تقریباً ایک بجے این ایچ-27 پر کنسی اور سمری کے نوجوانوں کے درمیان جھڑپ ہوئی۔ اس کے بعد کنسی کے کچھ نوجوان دیگر ساتھیوں کو بلاکر کنور پٹی واقع پروگرام مقام پر پہنچ گئے اور ہنگامہ کرنے لگے۔ مقامی لوگوں کے سمجھانے کے دوران کملیش اور سمن پر چاقو سے حملہ کردیا گیا۔ کملیش کے پیٹ میں چاقو لگ گیا جسکے بعد مقامی لوگوں نے گمچھے سے اس کا پیٹ باندھ کر اسے ڈی ایم سی ایچ پہنچایا، جہاں علاج کے دوران اس کی موت ہوگئی۔ سمن کا علاج سنگھواڑہ سی ایچ سی میں جاری ہے اور اس کی حالت بہتر بتائی جارہی ہے واقعہ کی اطلاع ملنے پر صدر-2 کمتول کے ڈی ایس پی ایس کے سمن، تھانہ صدر اروند کمار، ایڈیشنل تھانہ انچارج ششی شنکر کمار داروغہ پنّا لال سنگھ سمیت پولیس افسران موقع پر پہنچے۔ فارنسک ٹیم نے بھی جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے
تھانہ صدر اروند کمار نے بتایا کہ معاملے میں آٹھ ملزمان کو حراست میں لیا گیا ہے۔ ان میں کنسی باشندہ امرجیت کمار، چندن سہنی، راکیش کمار، مراری سہنی، چنچل کمار، وریندر ٹھاکر، گنور سہنی اور سمری باشندہ روہت پاسوان شامل ہیں پولیس نے واقعہ میں استعمال کیے گئے دو چاقوؤں میں سے ایک برآمد کرلیا ہے، جبکہ دوسرے کی تلاش جاری ہے۔ درخواست موصول ہوگئی ہے اور ایف آئی آر درج کرنے کی کارروائی کی جاری ہے۔ واقعہ کے بعد مقامی لوگوں نے آرکیسٹرا پروگرام کی اجازت اور سکیورٹی انتظامات پر سوال اٹھائے ہیں۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اگر پروگرام مقام پر خاطر خواہ تعداد میں پولیس اہلکار موجود ہوتے تو واقعہ کو روکا جاسکتا تھا۔ اطلاع ملنے پر سابق مکھیا چندر کشور سنگھ، مکھیا نمائندہ رام بابو ساہ، دیپک کمار، من من سنگھ سمیت کئی افراد موقع پر پہنچے اور اہل خانہ کو تسلی دی

