اعظم گڑھ میں بے قابو کار درخت سے ٹکرائی، تین نوجوان ہلاک

تاثیر 15 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

اعظم گڑھ، 15 ستمبر: اتر پردیش کے ضلع اعظم گڑھ میں پھول پور تھانہ علاقے کے جگدیش پور کے قریب منگل کی صبح تیز رفتار کار سڑک کنارے درخت سے ٹکرا گئی۔ حادثے میں کار سوار تین نوجوانوں کی موت ہو گئی، جبکہ چھ افراد شدید زخمی ہو گئے۔ تمام زخمیوں کو علاج کے لیے اسپتال بھیجا گیا۔ اطلاع ملتے ہی پھول پور کے سرکل افسر کرن پال سنگھ پولیس ٹیم کے ساتھ موقع پر پہنچے۔
انہوں نے بتایا کہ پنجاب نمبر کی کار میں کل نو افراد سوار تھے، جو پھول پور سے سرائے میر کی طرف جا رہے تھے۔ منگل کی علی الصبح جگدیش پور کے قریب کار بے قابو ہو کر درخت سے ٹکرا گئی اور پلٹ گئی۔ حادثے میں کار سوار ستیم مدنوال (20) اور نکھل (17)، ولد رام پھیر گپتا، کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔
پولیس نے لاشوں کو قبضے میں لے لیا اور مقامی لوگوں کی مدد سے امدادی کارروائی کرتے ہوئے زخمیوں کو اسپتال پہنچایا، جہاں زخمی لکی سونکر (19) نے دوران علاج دم توڑ دیا۔حادثے میں انش سونکر (17)، انمول مدنوال (18)، کشن مدنوال (20)، ساکشم برنوال (17)، انوراگ پانڈے اور شگن عرف کوستبھ پانڈے زخمی ہوئے ہیں۔ تمام زخمیوں کا اسپتال میں علاج جاری ہے اور ان کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔