تاثیر 24 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
اسلام آباد، 24 ستمبر: پاکستان نے افغانستان پر تازہ فضائی حملہ کیا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے دعویٰ کیا ہے کہ فضائیہ اور ڈرونز نے افغانستان میں 10 مقامات پر حملے کیے ہیں۔ ان مقامات کو ڈرونز لانچ کرنے اور انہیں جمع کرنے کے لیے استعمال کیا جارہا تھا۔ تارڑ نے یہ نہیں بتایا کہ یہ مقامات کہاں واقع ہیں۔
دی بلوچستان پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق پاکستانی سرکاری چینل نے سکیورٹی ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ پاکستان نے بدھ کی صبح افغانستان سے پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہونے والے آٹھ ڈرونز کو مار گرایا۔ جمعرات کی صبح اس اعلان کے بعد افغانستان کے طلوع نیوز نے خوست کے گورنر کے ترجمان مستغفر گربز کے حوالے سے بتایا کہ پاکستان کے حملے صبح تقریباً 3:30 بجے ہوئے اور گربز ضلع میں کیمپ گلان کے علاوہ اسماعیل خیل اور مندوزئی اضلاع کے کچھ علاقوں کو نشانہ بنایا گیا۔ گربز کے مطابق حملوں میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
وفاقی وزیر اطلاعات تارڑ نے ایکس پر اپنی پوسٹ میں الزام لگایا کہ 23 ستمبر کو افغانستان کی جانب سے پاکستان میں ڈرونز بھیجے گئے تھے۔ ان کے مطابق یہ ڈرون افغان طالبان کے تھے۔ ان میں سے چار کو تورخم سرحد سے متصل علاقوں میں مار گرایا گیا، جبکہ باقی چار کوہاٹ سے متصل پہاڑی سرحدی علاقوں میں تباہ کیے گئے۔

