تاثیر29 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
ممبئی ، 29 ستمبر : شیوسینا ادھو بالاصاحب ٹھاکرے اور مہاراشٹر نونرمان سینا کی جانب سے انتخابی کمیشن اور چیف الیکشن کمشنر کے خلاف 4 اکتوبر کو ممبئی میں مشترکہ احتجاجی مارچ نکالا جائے گا۔ دونوں جماعتوں نے اس احتجاج میں تمام سیاسی جماعتوں اور عام شہریوں سے شامل ہونے کی اپیل کی ہے۔ اس کا اعلان شیوسینا یو بی ٹی کے سربراہ ادھو ٹھاکرے اور مہاراشٹر نونرمان سینا کے سربراہ راج ٹھاکرے نے منگل کو مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا۔راج ٹھاکرے نے بتایا کہ 4 اکتوبر کو صبح 10 بجے پارٹی کارکنان بائیکلہ سے مارچ کے لیے روانہ ہوں گے۔ مارچ بائیکلہ سے جے جے مارگ اور ڈونگری کے راستے ممبئی میونسپل کارپوریشن کے صدر دفتر تک پہنچے گا، جہاں احتجاجی مارچ بعد میں ایک عوامی جلسے میں تبدیل ہوجائے گا۔ انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں اور شہریوں سے اس مارچ میں شرکت کی اپیل کرتے ہوئے واضح کیا کہ احتجاج میں کسی سیاسی جماعت کا پرچم نہیں ہوگا۔ شرکا کے ہاتھوں میں صرف ترنگا رہے گا۔

