تاثیر 10 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
سنگھواڑہ دربھنگہ (محمد مصطفٰی) مقامی تھانہ حلقہ کے بھرواڑہ نگر پنچایت واقع اپ گریڈ سیکنڈری اسکول بھرواڑہ سنسکرت میں جمعرات کو خوف سے پاک ماحول کی تعمیر کے سلسلے میں طلبہ و طالبات کے درمیان مکالمہ پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر سنگھواڑہ تھانہ صدر بسنت کمار نے طلبہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنے مقصد کو سامنے رکھتے ہوئے تعلیم پر پوری توجہ دینی چاہیے اور مستقبل میں آگے بڑھنے کے لیے مسلسل محنت کرنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا اور منشیات طلبہ کی تعلیم اور مستقبل کے لیے بڑی رکاوٹ بن سکتے ہیں، اس لیے طلبہ و طالبات کو دونوں سے دور رہنا چاہیے۔ انہوں نے سوشل میڈیا کے مثبت اور منفی اثرات کے بارے میں بھی تفصیل سے معلومات فراہم کیں اور طلبہ کو نشے سے دور رہنے کا عہد دلایا۔ کوڑا گاؤں میں طالبہ کے ساتھ پیش آئے مبینہ بیڈ ٹچ کے واقعے کا ذکر کرتے ہوئے تھانہ صدر نے کہا کہ طالبہ نے ہمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے واقعے کی اطلاع فوری طور پر اپنے اہل خانہ کو دی۔ انہوں نے کہا کہ اسی طرح تمام طلبہ و طالبات بھی کسی قسم کی پریشانی یا ناگوار صورتحال پیش آنے پر خاموش نہ رہیں اور بلا خوف اپنے والدین، اساتذہ یا پولیس کو اطلاع دیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی طرح کی پریشانی کی صورت میں فوری طور پر ڈائل 112 یا مقامی پولیس انتظامیہ کو فون کریں۔ پولیس طلبہ کی حفاظت اور مدد کے لیے ہمیشہ تیار ہے۔ پروگرام کے دوران انہوں نے اساتذہ اور طلبہ سے اسکول میں حفاظتی انتظامات کے سلسلے میں بھی معلومات حاصل کیں۔اس موقع پر چیف کونسلر سنیل کمار بھارتی، ایچ ایم مونا کماری، ٹیچر امرتا کماری لالی، ارچنا کماری، مالتی کماری، کلثم بی بی، صرافہ تاجر شمبھو ٹھاکر، استاد ڈاکٹر چندر موہن پربھا کر، امیت کمار سنگھ، وکاس کمار، اوم پرکاش سمیت دیگر اساتذہ اور عوامی نمائندے موجود تھے

