ترنمول کانگریس کے انتخابی نشان پر حق کے معاملے میں ریت برت گروپ نے الیکشن کمیشن کے سامنے اپنا موقف پیش کیا

تاثیر 12 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

کولکاتا، 12 ستمبر: ترنمول کانگریس کے انتخابی نشان پر حق کو لے کر جاری تنازع اب فیصلہ کن مرحلے میں پہنچ گیا ہے۔ ہفتے کے روز حتمی سماعت کے لیے دونوں گروپوں کو الیکشن کمیشن کے سامنے طلب کیا گیا ہے۔ اس سے قبل ہفتے کو ریت برت بنرجی کی قیادت والے گروپ نے کمیشن کے ساتھ تقریباً ایک گھنٹہ 20 منٹ تک ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد ریت برت نے دعویٰ کیا کہ کمیشن کی جانب سے پوچھے گئے تمام سوالات کے جواب دے دیے گئے ہیں اور مطلوبہ دستاویزات بھی جمع کرا دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کا گروپ ترنمول کانگریس کا انتخابی نشان حاصل کرنے کے معاملے میں پوری طرح پْراعتماد ہے۔
’اصل‘ ترنمول کانگریس کی نمائندگی کا دعویٰ کرنے والے ریت برت گروپ کی جانب سے ریت برت بنرجی کے ساتھ ارُوپ رائے، چندریما بھٹاچاریہ، آخر الزماں اور وکیل امن جھا الیکشن کمیشن کے دفتر پہنچے تھے۔ ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ریت برت نے کہا کہ کمیشن کے سامنے انہوں نے حقائق اور دستاویزات کی بنیاد پر اپنا موقف پیش کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صرف من گھڑت دعوے نہیں کیے گئے بلکہ اپنے دعوے کی حمایت میں ضروری دستاویزات بھی پیش کی گئی ہیں۔