جموں میں گوشت کی دکان پر شراب فروشی کے الزام میں تین افراد گرفتار

تاثیر 08 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

جموں, 08 ستمبر:: جموں کے آر ایس پورہ پولیس نے عوامی مقامات پر شراب نوشی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے گوشت کی ایک دکان پر مبینہ طور پر شراب پلانے اور پینے کے الزام میں تین افراد کو گرفتار کیا ہے۔پولیس کے مطابق پرو بھانہ، آر ایس پورہ کے رہائشی یشپال عرف بھولا ولد بساکھی رام کو اپنی گوشت کی دکان پر مبینہ طور پر شراب پلانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا، جبکہ امت کمار ولد بساکھی رام سکنہ پرو بھانہ اور شام لال ولد دوارکا ناتھ سکنہ بولاری کو اسی دکان پر مبینہ طور پر شراب نوشی کرتے ہوئے حراست میں لیا گیا۔
پولیس نے بتایا کہ دونوں افراد کا طبی معائنہ کرایا گیا، جس میں ان کے شراب کے نشے میں ہونے کی تصدیق ہوئی۔ موقع سے شراب کی بوتلیں بھی برآمد کرکے ضبط کرلی گئیں۔اس معاملے میں پولیس اسٹیشن آر ایس پورہ میں ایکسائز ایکٹ کی دفعہ 50-اے کے تحت ایف آئی آر نمبر 160/2026 درج کی گئی ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔پولیس نے واضح کیا کہ عوامی مقامات پر شراب پلانے یا استعمال کرنے والے افراد کے خلاف سخت کارروائی جاری رکھی جائے گی۔