تاثیر 26 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
مشرقی سنگھ بھوم، 26 ستمبر: سوناری تھانہ علاقے کے میرین ڈرائیو واقع بندل مال احاطے میں ہفتہ کو اس وقت افراتفری مچ گئی، جب اڈوپی ریستوران میں کھانا کھانے پہنچے تین افراد کا کچھ نوجوانوں سے تنازعہ ہوگیا۔ تنازعہ کے بعد پہلے دونوں فریقوں کے درمیان مارپیٹ ہوگئی اور پھر تین سے چار نوجوانوں نے فائرنگ کردی۔ گولی لگنے سے تین افراد زخمی ہوگئے۔ واقعے کے بعد حملہ آور موقع سے فرار ہوگئے۔
زخمیوں کی شناخت ڈومینک سیمسن، ایم ڈی رضوان اور ایم ڈی دلشاد کے طور پر ہوئی ہے۔ ڈومینک سیمسن آدتیہ پور، ایم ڈی رضوان آزاد نگر اور ایم ڈی دلشاد کپالی کے رہنے والے بتائے جا رہے ہیں۔ تینوں کو فوری علاج کے لیے ٹاٹا مین اسپتال (ٹی ایم ایچ) لے جایا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ ڈومینک سیمسن کو جے ایم ایم رہنما کے ساتھ زمین کے کاروبار سے وابستہ شخص بھی بتایا جا رہا ہے۔
موقع پر موجود لوگوں کے مطابق ڈومینک سیمسن، ایم ڈی رضوان اور ایم ڈی دلشاد بندل مال میں واقع اڈوپی ریستوران میں کھانا کھانے پہنچے تھے۔ اسی دوران وہاں تین سے چار نوجوان پہنچے۔ کسی بات کو لے کر ان کے درمیان بحث شروع ہوگئی۔ دیکھتے ہی دیکھتے تنازعہ بڑھ گیا اور نوجوانوں نے تینوں کے ساتھ مارپیٹ شروع کردی۔ اس کے بعد اچانک فائرنگ کردی گئی۔ گولی چلنے کے بعد مال احاطے میں افراتفری مچ گئی اور لوگ محفوظ مقامات کی جانب بھاگنے لگے۔ پولیس تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔

