مہاراشٹر کی قانون ساز کونسل کی 5 نشستوں پر 23 اکتوبر کو ووٹنگ

تاثیر 22 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

ممبئی ، 22 ستمبر : مرکزی انتخابی کمیشن نے قانون ساز کونسل کی مختلف نشستوں کے لیے انتخابی پروگرام کا اعلان کردیا ہے۔ اس پروگرام میں بہار کی 8، کرناٹک کی 4، مہاراشٹر کی 5 اور اتر پردیش کی 11 نشستیں شامل ہیں۔ مہاراشٹر کی 5 نشستوں میں 3 گریجویٹ حلقے اور 2 اساتذہ کے حلقے شامل ہیں۔ اورنگ آباد گریجویٹ، پونے گریجویٹ، ناگپور گریجویٹ، امراوتی ڈویڑن اساتذہ اور پونے اساتذہ حلقوں کے موجودہ ارکان کی مدت 6 دسمبر 2026 کو ختم ہورہی ہے، اس سے قبل ان نشستوں کے لیے انتخابی عمل مکمل کرنے کی غرض سے کمیشن نے انتخابی پروگرام جاری کیا ہے۔
پونے اساتذہ حلقے کی نمائندگی اس وقت کانگریس کی حمایت یافتہ رکن اسمبلی جینت آسگاؤکر کررہے ہیں۔ اس نشست کے لیے مہایوتی میں شامل بھارتیہ جنتا پارٹی اور شیوسینا کے شندے گروپ کے درمیان نشست کی تقسیم پر بات چیت ہونے کا امکان ہے۔ وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کے قریبی ساتھی کے طور پر شناخت رکھنے والے منگیش چیوٹے کے اس حلقے سے انتخاب لڑنے کے خواہش مند ہونے کی بات کہی جارہی ہے، تاہم پونے اساتذہ حلقے کی نشست شندے گروپ کو ملے گی یا بھارتیہ جنتا پارٹی کے پاس رہے گی، اس بارے میں ابھی کوئی سرکاری فیصلہ نہیں ہوا ہے۔