اسکوٹی سے 23.46 لیٹر غیر ملکی شراب برآمد، ایک گرفتار، ایک فرار

تاثیر2 اکتوبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

 سنگھواڑہ دربھنگہ (محمد مصطفٰی) سنگھواڑہ تھانہ کی پولیس نے جمعرات کی شب گشت کے دوران استھوا میں ایک اسکوٹی سے 23.46 لیٹر غیر ملکی شراب برآمد کرتے ہوئے ایک شراب اسمگلر کو گرفتار کیا ہے۔ گرفتار ملزم کی شناخت استھوا باشندہ پنٹو ٹھاکر کے طور پر ہوئی ہے، جبکہ اس کا ساتھی دھیرج کمار عرف مونو فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔پولیس کے مطابق، پولیس سب انسپکٹر سریندر کمار سنگھ کے بیان پر درج ایف آئی آر میں بتایا گیا ہے کہ وہ یکم اکتوبر کی رات گشت پر نکلے تھے۔ رات تقریباً 1:30 بجے استھوا درگا مندر کی جانب سے ایک اسکوٹی آتی دکھائی دی۔ پولیس گاڑی کو دیکھ کر اسکوٹی سواروں نے واپس مڑنے کی کوشش کی، لیکن اسکوٹی نہ مڑنے پر دونوں اسے گرا کر گلی اور گاؤں کی طرف بھاگ گئے۔
پولیس نے دونوں کا پیچھا کیا، تاہم اندھیرے اور گلیوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے دونوں فرار ہوگئے۔ موقع پر گری ہوئی اسکوٹی کے قریب ایک پھٹا ہوا کارٹن اور ایک بند کارٹن ملا۔ تلاشی کے دوران دونوں کارٹن سے 23.46 لیٹر غیر ملکی شراب برآمد ہوئی۔تحقیقات کے دوران اسکوٹی کے مالک کا نام گوتم کمار سامنے آیا۔ اس کے والد سنجے رائے نے پولیس کو بتایا کہ گوتم جے پور میں ملازمت کرتا ہے اور اسکوٹی کا استعمال پنٹو ٹھاکر اور دھیرج عرف مونو کرتے ہیں۔اس کے بعد پولیس نے دونوں کے گھروں پر چھاپہ مارا۔ پولیس کارروائی کے دوران اسکوٹی مالک گوتم کی والدہ پنٹو ٹھاکر کو لے کر تھانے پہنچیں، جہاں پولیس نے قانونی کارروائی کرتے ہوئے اسے گرفتار کر لیا۔تھانہ صدر بسنت کمار نے بتایا کہ اس معاملے میں ایف آئی آر درج کر گرفتار ملزم کو عدالتی حراست میں بھیج دیا گیا ہے، جبکہ فرار ملزم کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے