تاثیر25 اکتوبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
سرینگر، 25 اکتوبر:جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنرمنوج سنہا نے کہا کہ کشمیر میراتھن‘ مقامی کھیلوں کی صلاحیتوں کے لیے نئے مواقع پیدا کر رہی ہے۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والے دوڑنے والے لوگ جلد ہی قومی اور بین الاقوامی سطح پراپنی پہچان بنائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق سرینگرکے پولوویوگراؤنڈ میں ’کشمیر میراتھن 2026‘ کی انعامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے، لیفٹیننٹ گورنر سنہا نے کہا کہ جموں و کشمیر کے ہر ضلع میں صلاحیت موجود ہے، لیکن اکثر اسے خود کو ثابت کرنے کے لیے مناسب مواقع نہیں مل پاتے۔انہوں نے کہا کہ یونین ٹیریٹری کے کسی بھی ضلع سیچاہے وہ اننت ناگ ہو، پلوامہ ہو یا بڈگام ہو ایک چیمپئن میراتھن رنر سامنے آ سکتا ہے۔جیتنے والوں کو مبارکباد دیتے ہوئے، لیفٹیننٹ گورنر نے ان شرکاء کی بھی تعریف کی جنہوں نے تمغے تو حاصل نہیں کیے لیکن دوڑ مکمل کی؛ انہوں نے کہا کہ ان کا عزم اور استقامت بھی اتنی ہی ستائش کے لائق ہے۔انہوں نے کہا میں ان لوگوں سے بھی کچھ کہنا چاہتا ہوں جنہیں تمغہ نہیں ملا۔ آپ صرف شرکاء ہی نہیں ہیں، بلکہ آپ بھی فاتح ہیں۔ وہ لوگ جو مسلسل دوڑتے رہے اور کئی گھنٹوں کی مشقت کے بعد اختتامی لکیرعبور کی، وہ ہمارے سلام کے مستحق ہیں۔ سنہا نے کہا کہ کشمیر میراتھن نے ابھرتے ہوئے رنرز کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کیا ہے۔انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ جموں و کشمیر ایسے ایتھلیٹس پیدا کرے گا جو میراتھن دوڑ میں اعلیٰ ترین سطح پر مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہوں گے۔ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہامجھے یقین ہے کہ میراتھن کی دنیا میں اگلا بڑا نام جموں و کشمیر سے ہی ابھرے گا۔لیفٹیننٹ گورنر نے جیتنے والوں پر زور دیا کہ وہ نئے آنے والے رنرز کی رہنمائی اور سرپرستی کریں۔

