ہاوڑہ اسٹیشن پر مدھیہ پردیش سے آئے مسافر کے بیگ سے 44 لاکھ روپے نقد برآمد

تاثیر2 اکتوبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

کولکاتا، 2 اکتوبر: ہاوڑہ اسٹیشن پر ایک بار پھر ریلوے پروٹیکشن فورس (آر پی ایف) نے بڑی مقدار میں بے حساب نقد رقم برآمد کی ہے۔ مدھیہ پردیش سے آنے والی شپرا ایکسپریس کے ایک مسافر کے بیگ کی تلاشی کے دوران 44 لاکھ روپے نقد ملے۔ اتنی بڑی رقم کے ساتھ سفر کرنے کے لیے کوئی قانونی دستاویز یا ثبوت پیش نہ کر پانے پر مسافر کو حراست میں لے کر محکمہ انکم ٹیکس کے حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
گزشتہ چند دنوں میں ہاوڑہ اسٹیشن پر مسلسل نقد رقم کی برآمدگی کے واقعات کے پیش نظر ریلوے پولیس نے سکیورٹی اور نگرانی میں اضافہ کر دیا ہے۔آر پی ایف نے جمعہ کو جاری بیان میں بتایا کہ یہ واقعہ جمعرات کا ہے، جب ہاوڑہ اسٹیشن کے پلیٹ فارم نمبر 17 پر ڈاون شپرا ایکسپریس پہنچی۔ مدھیہ پردیش کے ودیشا سے کولکاتا آنے والے مسافر روہت سنگھ کی مشتبہ سرگرمیوں کو دیکھ کر وہاں تعینات آر پی ایف کی خفیہ ٹیم کو شبہ ہوا۔
افسران نے اسے روک کر پوچھ گچھ کی اور اس کے بیگ کی تلاشی لی، جس میں سے نوٹوں کی گڈیاں برآمد ہوئیں۔ گنتی کرنے پر کل رقم 44 لاکھ روپے نکلی۔آر پی ایف ذرائع کے مطابق ابتدائی پوچھ گچھ میں روہت سنگھ نے دعویٰ کیا کہ وہ یہ رقم کولکاتا سے سونا خریدنے کے لیے لایا تھا۔ تاہم وہ اپنے دعوے کے حق میں یا رقم کے قانونی ذریعہ کو ثابت کرنے کے لیے کوئی دستاویز پیش نہیں کر سکا۔ اس کے بعد آر پی ایف نے پوری رقم ضبط کر لی اور انکم ٹیکس محکمہ کو اطلاع دی۔