ایس پی کا پی ڈی اے پارٹی ہونے کا سیاسی ڈھونگ، قریبیوں اور سرمایہ داروں کو ٹکٹ دیتی ہے: مایا وتی

تاثیر2 اکتوبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

لکھنو، 02 اکتوبر: بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کی قومی صدر مایاوتی نے سماج وادی پارٹی (ایس پی) پر حملہ بولا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایس پی ہمیشہ کی طرح ’پی ڈی اے‘ پارٹی ہونے کا سیاسی ڈھونگ اور فریب کرتی ہے۔ وہ دھنا سیٹھوں (سرمایہ داروں) اور رشتہ داروں کو ہی ٹکٹ دیتی ہے، جبکہ بی ایس پی کمزور طبقات کے محنتی امبیڈکروادی لوگوں کو ہی اپنی پارٹی کا امیدوار بناتی ہے۔
بی ایس پی سربراہ مایا وتی نے جمعہ کے روز ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ یہ بات سبھی پر عیاں ہے کہ بی ایس پی کسی بھی چھوٹے بڑے انتخابات میں حریف جماعتوں اور خصوصاً سماج وادی پارٹی (ایس پی) کی طرح اپنے خاندان، سگے رشتہ داروں، بھائی بھتیجوں، قریبی عزیز و اقارب کے ساتھ ساتھ بالخصوص بڑے بڑے سرمایہ داروں اور دھناسیٹھوں وغیرہ کو ٹکٹ نہیں دیتی ہے۔ یعنی انتخابات میں ان کی دولت اور پیسے کے بل بوتے کا سہارا نہیں لیتی، بلکہ پارٹی میں کام کرنے والے تمام طبقات میں سے محض غریب، درمیانہ طبقہ اور کمزور طبقات کے محنتی امبیڈکروادی لوگوں کو ہی اپنی پارٹی کا امیدوار بناتی ہے۔ باالفاظِ دیگر، بی ایس پی کی سیاست کنبہ پروری اور دھن بل سے پاک و صاف ہے، جبکہ دوسری طرف ایس پی اس کے عین برعکس کام کرتی ہے، جو خود کو سماجوادی اور نام نہاد ’پی ڈی اے‘ کی پارٹی ہونے کا سیاسی ڈھونگ اور فریب کرتی ہے۔