تاثیر24 اکتوبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
سری نگر، 24 اکتوبر:وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے ہفتے کے روز اپنی پارٹی اور حکومت کے ارکان سے کہا کہ وہ کابینہ میں جگہ پانے کے لیے لابنگ نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ نئے وزرا کی فہرست نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ سے مشاورت کے بعد پہلے ہی حتمی شکل اختیار کر چکی ہے۔
سری نگر میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے عمر عبداللہ نے کہا کہ کابینہ میں ردوبدل اور توسیع آئندہ ہفتے ہوگی۔ انہوں نے اپنے ساتھیوں سے صبر کرنے کی اپیل کی۔
انہوں نے کہا: ’’میں اپنے ساتھیوں سے بس یہ درخواست کرنا چاہتا ہوں کہ ردوبدل اگلے ہفتے ہو جائے گا۔ فہرست فاروق عبداللہ صاحب سے مشاورت کے بعد تیار ہے۔ ان کے دروازے پر، میرے دروازے پر یا کسی اور کے دروازے پر دستک دینے کی ضرورت نہیں ہے۔ یہ فیصلہ پہلے ہی ہو چکا ہے کہ کون وزیر بنے گا۔‘‘
انہوں نے مزید کہا: ’’میں اپنے ساتھیوں سے صبر کی درخواست کرتا ہوں۔ فیصلہ اللہ کرے گا، پھر ہم کریں گے۔‘‘
عمر عبداللہ نے کہا کہ وزارت کے خواہش مند افراد کی جانب سے انہیں واٹس ایپ پیغامات کی بھرمار کا سامنا ہے۔ بعض لوگ لمبے لمبے پیغامات بھیج رہے ہیں اور اپنا بائیو ڈیٹا تک ارسال کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا: ’’کچھ ساتھی اس طرح پیغام بھیج رہے ہیں جیسے کتابیں لکھ رہے ہوں، گویا میں انہیں جانتا ہی نہیں۔ وہ مجھے اپنا بائیو ڈیٹا بھیج رہے ہیں۔ میں انہیں بھی جانتا ہوں اور ان کے بائیو ڈیٹا کو بھی۔‘‘

