تاثیر25 اکتوبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
ٹھاکرگنج (محمد شاداب غیور)
راج کمار کھلکھو، کمانڈنٹ، 19ویں بٹالین، مسلح سرحدی فورس (ایس ایس بی)، ٹھاکر گنج کی موجودگی میں فٹ انڈیا موومنٹ کے تحت منعقدہ فٹ انڈیا فریڈم رَن 7.0–2026 اور سنڈے آن سائیکل مہم کے تحت سائیکل ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ فٹ انڈیا فریڈم رَن 7.0 کا انعقاد مورخہ 02.10.2026 سے 31.10.2026 تک کیا جا رہا ہے۔ پروگرام کا آغاز صبح 06 بجے راج کمار کھلکھو، کمانڈنٹ نے ہری جھنڈی دکھا کر کیا۔ اس موقع پر انہوں نے افسران اور جوانوں کو باقاعدہ ورزش، سائیکلنگ اور صحت مند و منضبط طرزِ زندگی اپنانے کی ترغیب دی۔ سائیکل ریلی بٹالین ہیڈکوارٹر سے شروع ہو کر بارڈر روڈ کے راستے کمپنی ہیڈکوارٹر ناوڈوبا سے گزرتے ہوئے کمپنی ہیڈکوارٹر پاٹھاماری پہنچی، جہاں سے دوبارہ بٹالین ہیڈکوارٹر واپس آ کر اختتام پذیر ہوئی۔ اس دوران شرکاء نے تقریباً 13 کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا۔ ریلی میں افسران، ماتحت افسران اور جوانوں نے جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا۔ اس پروگرام کا بنیادی مقصد فورس کے اہلکاروں اور عام شہریوں میں جسمانی فٹنس، صحت سے متعلق بیداری اور ماحولیاتی تحفظ کے تئیں شعور پیدا کرنا تھا۔ ریلی کے دوران شرکاء نے ’فٹ انڈیا، ہٹ انڈیا’صحت مند جسم، صحت مند قوم اور’ماحول بچاؤ، سائیکل اپناؤ جیسے ترغیبی نعروں کے ذریعے عام لوگوں کو باقاعدہ ورزش اور سائیکلنگ اپنانے کا پیغام دیا۔ اس موقع پر یہ پیغام دیا گیا کہ باقاعدہ سائیکلنگ نہ صرف جسمانی صحت کو بہتر بنانے، جسم کو صحت مند اور توانائی سے بھرپور رکھنے اور ذہنی تناؤ کو کم کرنے میں معاون ہے، بلکہ روزمرہ زندگی میں جسمانی سرگرمی برقرار رکھنے کا ایک آسان، قابلِ رسائی اور مؤثر ذریعہ بھی ہے۔

