آئین ہاؤس کے مرکزی ہال میں 26 اور 27 اکتوبر کو 12ویں برکس پارلیمانی فورم کا انعقاد

تاثیر22 اکتوبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 22 اکتوبر؛۔ پارلیمنٹ ہاؤس کمپلیکس کے آئین ہاوس کے مرکزی ہال میں آئندہ 26 اور 27 اکتوبر کو 12ویں برکس پارلیمانی فورم کا انعقاد کیا جائے گا۔ لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے جمعرات کو پارلیمنٹ کمپلیکس میں منعقدہ پریس کانفرنس میں یہ اطلاع دی۔
اوم برلا نے بتایا کہ دو روزہ اس اعلیٰ سطحی کانفرنس میں وزیر اعظم نریندر مودی خصوصی طور پر شرکت کریں گے اور دورے پر آنے والے وفود کے سربراہان سے ملاقات کریں گے۔ اس سال فورم کا مرکزی موضوع ’’عوام پر مرکوز ترقی کے لیے پارلیمانوں کو مضبوط بنانا‘‘ رکھا گیا ہے۔
کانفرنس کے دوران چار اہم موضوعات پر اتفاق رائے کی بنیاد پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ ان میں بہتر مستقبل کو یقینی بنانے کے لیے اداروں کو مضبوط بنانے میں پارلیمانوں کا اہم کردار، پارلیمانوں کے ذریعے مصنوعی ذہانت (اے آئی) اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے شعبے میں انسان پر مرکوز اختراعات کو فروغ دینا، پارلیمانی تعاون کے ذریعے زیادہ نمائندہ عالمی نظامِ حکمرانی کو یقینی بنانا اور رکن ممالک کے لیے پائیدار اور جامع مستقبل کی ضمانت میں پارلیمانوں کا کردار شامل ہے۔