بھارت اور کینیڈا کے درمیان سی ای پی اے مذاکرات کا پانچواں دور پیر سے شروع ہوگا

تاثیر4 اکتوبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 4 اکتوبر: بھارت اور کینیڈا کے درمیان مجوزہ جامع اقتصادی شراکت داری معاہدے (سی ای پی اے) کے لیے مذاکرات کا پانچواں دور 5 اکتوبر سے اوٹاوا میں شروع ہوگا۔ دونوں ممالک کا ہدف ہے کہ اس سال کے اختتام تک مذاکرات مکمل کر لیے جائیں۔ پانچ روز تک جاری رہنے والی یہ بات چیت 9 اکتوبر کو اختتام پذیر ہو سکتی ہے۔ مذاکرات کا چوتھا دور 18 ستمبر کو نئی دہلی میں مکمل ہوا تھا۔
ذرائع کے مطابق دونوں ممالک اس سال کے آخر تک مذاکرات مکمل کرنے کے ہدف کے ساتھ بات چیت میں تیزی لا رہے ہیں۔ یہ مذاکرات اس لیے بھی اہم ہیں کہ کینیڈا کے وزیر اعظم مارک کارنی نے گزشتہ ماہ کہا تھا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اس سال دسمبر کے آس پاس کینیڈا کا دورہ کر سکتے ہیں۔
بات چیت کو مزید رفتار دینے کے لیے کینیڈا کے وزیر تجارت منندر سدھو رواں ماہ کے آخر میں 300 رکنی کاروباری وفد کے ساتھ نئی دہلی آئیں گے۔ سدھو اور بھارت کے وزیر تجارت و صنعت پیوش گوئل نے گزشتہ ماہ ممبئی میں ملاقات کرکے مذاکرات میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا تھا۔