تاثیر1 اکتوبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، یکم اکتوبر: وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو کیپٹن اسمت مچھار کے حوصلے اور حاضر جوابی کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بہادری نے ہر ہندوستانی کو فخر سے بھر دیا ہے۔ یونین پبلک سروس کمیشن (یو پی ایس سی) کی صد سالہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ اسرائیل کے وزیر اعظم نے بھی کہا ہے کہ ’’اس ہندوستانی نے 9/11 ہونے سے بچا لیا۔‘‘
دبئی سے تل ابیب جانے والی فلائی دبئی کی پرواز میں مبینہ طور پر شریک پائلٹ کی جانب سے طیارے کو حادثے کا شکار کرنے کی کوشش کے دوران کیپٹن اسمت مچھار شدید زخمی ہو گئے تھے۔ اس کے باوجود انہوں نے صبر و تحمل اور حاضر دماغی کا مظاہرہ کیا اور کاک پٹ کا دروازہ کھولنے میں مدد کی، جس کے بعد حملہ آور کو قابو میں کیا جا سکا۔ طیارے کو سعودی عرب کے تبوک میں بحفاظت اتار لیا گیا۔
مودی نے کہا کہ ’’ہر ہندوستانی کو اسمت کی اس بہادری پر فخر ہے۔‘‘ انہوں نے بتایا کہ انہوں نے اسمت کے والد بھوپیندر بھائی، والدہ گیتا بہن اور اہلیہ سونل سے بھی بات کی ہے۔ وزیر اعظم نے ملک کے عوام سے اپیل کی کہ وہ کیپٹن اسمت کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کریں اور ’’ہندوستان کا وقار بلند کرنے والے بھائی اسمت‘‘ کی حوصلہ افزائی کریں۔
یو پی ایس سی کے 100 سال مکمل ہونے کے موقع پر منعقدہ تقریب میں مودی نے کہا کہ یہ دن کمیشن کے سو سالہ سفر اور اس کی میراث دونوں کا جشن ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ان لاکھوں نوجوانوں کی امنگوں کا بھی جشن ہے جو ہر سال سول سروس میں شامل ہونے کا خواب دیکھتے ہیں اور اس اعتماد کا بھی جشن ہے جو ہر ہندوستانی کو اس ادارے پر ہے۔ وزیر اعظم نے اس موقع پر یو پی ایس سی کی صد سالہ یادگاری سکہ اور ڈاک ٹکٹ بھی جاری کیا۔

