تاثیر24 نومبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
نیپال کے وزیر اعظم بالیندرا شاہ کی حالیہ بھارت آمد نے دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک اہم اور مثبت موڑ پیدا کیاہے۔ پی ایم نیپال کےتقریباً پچیس گھنٹےکے اس مختصر مگر نتیجہ خیز سرکاری دورے نے ان اعتماد کو دوبارہ مضبوط کیا ہے ،جو حالیہ برسوں میں کچھ کمزور پڑ گیا تھا۔ یہ دورہ نہ صرف سفارتی لحاظ سے کامیاب رہا بلکہ ترقی، رابطوں اور مشترکہ ورثے کے میدان میں ٹھوس پیش رفت کا ثبوت بھی بنا۔
وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ تقریباً سو منٹ کی دو طرفہ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے کھلے دل سے بات چیت کی۔ نتیجے کے طور پر پندرہ ہزار کروڑ روپے کی ترقیاتی امداد کا اعلان ہوا، آٹھ اہم معاہدوں پر دستخط ہوئے اور انیس مختلف اعلانات کیے گئے، جو ثقافتی، اقتصادی، تعلیمی اور رابطوں کے شعبوں کو مزید گہرا کریں گے۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ ’’ترقی یافتہ بھارت اور خوشحال نیپال‘‘کی مشترکہ ویژن دستاویز جاری کی گئی۔ یہ دستاویز صرف موجودہ تعاون تک محدود نہیں بلکہ مستقبل کی راہ بھی واضح کرتی ہے۔ اقتصادی شراکت داری، توانائی، پانی کے وسائل، عوامی رابطے، موسمیاتی تبدیلی کا مقابلہ، تباہی کے انتظام، اسٹارٹ اپس، ڈیجیٹل خدمات اور خلائی تعاون جیسے نئے شعبوں میں کام کرنے کا روڈ میپ اس میں شامل ہے۔
اس دورے کی سب سے بڑی اور خوش آئند کامیابیوں میں سے ایک کاٹھمنڈو-بھیرہوا-لکھنؤ ہوائی راستے کو دو طرفہ بنانے کی رضامندی ہے۔ یہ راستہ پہلے صرف ایک طرفہ تھا۔ نیپال کا سترہ سال پرانا یہ مطالبہ اب پورا ہونے جا رہا ہے۔ اس سے نہ صرف ہوائی رابطہ بہتر ہوگا بلکہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سیاحت اور لوگوں کے آپس کے سفر میں آسانی پیدا ہوگی۔ اس کے علاوہ آئی آئی ٹی کا نیپال میں آف شور کیمپس قائم کرنے، فوٹرنسک سائنس، پولیس اکیڈمی اور سول سروسز کی صلاحیت سازی جیسے شعبوں میں تعاون بھی دونوں ملکوں کے نوجوانوں کے لئے نئے مواقع کا دروازہ کھولے گا۔
رابطوں کے میدان میں بھی اہم فیصلے ہوئے۔ایودھیا ۔جنک پور کے درمیان سرویو-کملہ ایکسپریس ٹرین سروس کا افتتاح ہوا، جو رامائن سرکٹ پر سیاحت کو فروغ دے گی۔ وزیراعظم مودی نے ایک بار پھر یہ بات دہرائی کہ نیپال کے بغیر ہمارے دھام ادھورے ہیں اور نیپال کے بغیر ہمارے رام بھی ادھورے ہیں۔ یہ الفاظ دونوں قوموں کے گہرے ثقافتی اور مذہبی رشتے کی یاد دلاتے ہیں۔ رکسول-کاٹھمنڈو الیکٹریفائیڈ ریلوے لائن کے سروے کی تکمیل، نئے انٹیگریٹڈ چیک پوسٹ کی بنیاد اور سڑک پل کا افتتاح بھی اسی سلسلے کی کڑیاں ہیں۔ توانائی کے شعبے میں موتیہاری -املیک گنج پائپ لائن کے دوسرے مرحلے کی تکمیل، پیٹرولیم ٹرمینل اور لوئر ارون ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی بنیاد رکھنے جیسے اقدامات دونوں معیشتوں کے لئے فائدہ مند ثابت ہوں گے۔اس دوران نیپال کے وزیر اعظم نے بھارت کی گرم جوشی سے بھرپور مہمان نوازی کا شکریہ ادا کیا اور وزیراعظم مودی کو نیپال آنے کی دعوت دی جو قبول کر لی گئی۔ ظاہر ہے،یہ باہمی احترام اور دوستی کا واضح پیغام ہے۔ دونوں رہنماؤں نے سرحدی مسائل پر بھی بات چیت کی اور انہیں حل کرنے کی طرف مثبت اشارے دیے۔
یہ دورہ ثابت کرتا ہے کہ بھارت اور نیپال کا رشتہ صرف پڑوسی کا نہیں بلکہ اپنائیت اور ناقابلِ شکست اعتماد کا رشتہ ہے۔ مشترکہ خوشیاں، مشترکہ چیلنجز اور مشترکہ ورثہ دونوں قوموں کو ایک دوسرے کے قریب لاتا ہے۔ اب ضرورت اس بات کی ہے کہ ان معاہدوں اور اعلانات کو زمین پر اتارنے کے لئے تیز رفتار عمل کیا جائے۔ اگر دونوں ممالک اس مشترکہ ویژن کو ٹھوس کامیابیوں میں تبدیل کر سکے تو نہ صرف دونوں قوموں کی ترقی کی رفتار تیز ہوگی بلکہ خطے میں امن اور خوشحالی کا ایک مضبوط نمونہ بھی سامنے آئے گا۔
بہر حال بالیندرا شاہ کا یہ دورہ ہندو نیپال تعلقات کی تاریخ میں ایک خوشگوار اور پُرامید باب کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔یقین ہے کہ دونوں ممالک کے عوام اس نئی شروعات سے فائدہ اٹھائیں گے اور مستقبل میں مزید قریبی تعاون کی بنیاد رکھی جائے گی۔
*********

