تاثیر26 نومبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 26 نومبر: یومِ آئین کے موقع پر کانگریس پارٹی آج ملک بھر میں ’آئین بچاؤ مارچ‘ نکال رہی ہے۔ کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے اس موقع پر لکھنؤ میں موجود ہیں۔ دہلی میں بھی مارچ نکالا گیا، جس میں کانگریس کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال، ریاستی صدر دیویندر یادو اور پارٹی کے سینئر رہنماؤں نے شرکت کی۔
مارچ کے دوران کانگریس رہنماؤں نے اپنے ہاتھوں میں آئین کی تمہید کی کاپی اٹھا رکھے تھے۔ پارٹی کا کہنا ہے کہ آئین محض ایک قانونی دستاویز نہیں بلکہ ہندوستان کی آواز ہے اور پارٹی اس آواز کی حفاظت کرتی رہے گی۔ اسی پیغام کے ساتھ آج آئین بچاؤ مارچ کا اہتمام کیا گیا ہے۔
کانگریس رہنما کے سی وینوگوپال نے کہا کہ حکومت پوری طرح آئینی اصولوں کے خلاف کام کر رہی ہے اور اس نے اقتدار میں رہنے کا اخلاقی حق کھو دیا ہے۔ پارلیمنٹ کا مانسون اجلاس 13 اگست کو منعقد ہوا تھا۔ اب 26 نومبر ہے اور 106 دن گزر جانے کے باوجود یہ واضح نہیں ہے کہ سرمائی اجلاس ہوگا یا نہیں۔ اس کا مطلب ہے کہ حکومت پارلیمنٹ کا بھی پوری طرح مذاق اڑا رہی ہے۔

