تاثیر2 نومبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
سہسرام ( انجم ایڈوکیٹ ) روہتاس کے ضلع کلکٹر شری دیپک کمار مشرا کی ہدایت کے تحت فوڈ سیفٹی ڈپارٹمنٹ تہواروں کے دوران عوام کو محفوظ اور معیاری اشیائے خوردونوش کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لئے مسلسل جانچ کر رہا ہے ۔ اس سلسلے میں فوڈ سیفٹی آفیسر نے ڈہری سب ڈویژن میں مختلف مٹھائی کی دکانوں کا معائنہ کرتے ہوئے مٹھائیوں اور دیگر اشیائے خوردونوش کے معیار اور شیلف لائف کو چیک کیا ۔ متعدد دکانوں سے معیاد ختم ہونے والی اشیائے خوردونوش اور مٹھائیاں برآمد ہوئیں جنہیں موقع پر تلف کردیا گیا ۔ ضلع کلکٹر شری دیپک کمار مشرا نے واضح طور پر ہدایت دی ہے کہ تہواروں کے دوران کھانے پینے کی اشیاء کے معیار اور پاکیزگی پر کوئی سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائیگا، عوام کی صحت سے سمجھوتہ کرنے والے مٹھائی کی دکانوں کے مالکان اور اشیائے خوردونوش کے تاجروں کے خلاف قواعد کے مطابق سخت کارروائی کی جائیگی ۔ ضلع کلکٹر نے فوڈ سیفٹی ڈیپارٹمنٹ کو ہدایت دی ہے کہ وہ تہواروں کے دوران باقاعدگی سے معائنہ مہم چلائیں اور ملاوٹ شدہ، خراب اور معیاد ختم ہونے والی اشیائے خوردونوش کی فروخت کو مؤثر طریقے سے روکیں ۔ ضلعی انتظامیہ نے تمام فوڈ اور مٹھائی دکانداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ فوڈ سیفٹی کے معیارات پر عمل کریں اور صارفین کو صرف صاف، محفوظ اور معیاری اشیائے خوردونوش فراہم کریں ۔

