شرد پوار کی طبیعت مستحکم، بریچ کینڈی اسپتال میں علاج جاری ڈاکٹروں کا آرام کرنے کا مشورہ

تاثیر27 نومبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

ممبئی ، 27 نومبر: نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (شرد چندر پوار) کے سربراہ شرد پوار کی طبیعت جمعہ کی صبح مستحکم بتائی گئی ہے۔ جسم میں پانی کی کمی کے باعث جمعرات کو ممبئی کے بریچ کینڈی اسپتال میں داخل کرائے گئے 85 سالہ سینئر سیاسی لیڈر کا علاج جاری ہے اور ڈاکٹروں نے انہیں آرام کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ تاہم انہیں اسپتال سے کب چھٹی دی جائے گی، اس بارے میں اب تک کوئی باضابطہ اطلاع جاری نہیں کی گئی ہے۔ ٹی وی 9 مراٹھی کی رپورٹ کے مطابق این سی پی (ایس پی) کے لیڈر جینت پاٹل اور این سی پی کے لیڈر پرفل پٹیل نے جمعرات کو اسپتال پہنچ کر پوار کی عیادت کی۔ ان کی طبی حالت اور علاج سے متعلق مزید تفصیلات منظر عام پر نہیں لائی گئی ہیں۔
شرد پوار کی بیٹی اور این سی پی (ایس پی) کی رکن پارلیمنٹ سپریا سولے نے جمعرات کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ کے ذریعے اپنے والد کو اسپتال میں داخل کرانے کی تصدیق کی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ جسم میں پانی کی کمی کی علامات ظاہر ہونے پر انہیں بریچ کینڈی اسپتال میں داخل کرایا جارہا ہے۔ ڈاکٹروں نے انہیں اپنی سرگرمیاں محدود کرنے اور سفر کم کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ سولے نے کہا کہ ان کے والد یہ مشورہ نہیں مانتے کیونکہ انہیں اپنے کام سے بہت زیادہ لگاؤ ہے۔