تاثیر23 نومبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
سری نگر، 23 نومبر:۔ مرکزی وزیر برائے پارلیمانی و اقلیتی امور کرن رجیجو نے جموں و کشمیر وقف بورڈ کو ملک کا بہترین وقف بورڈ قرار دیتے ہوئے اسے مرکزی حکومت کی طرف سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔وہ پیر کو یہاں کاٹھی دروازہ رعناواری میں بی بی حلیمہ کالج آف نرسنگ اینڈ میڈیکل ٹیکنالوجی کی عمارت کا افتتاح کرنے کے بعد نامہ نگاروں سے بات کر رہے تھے۔
انہوں نے وقف بورڈ کی چیئرپرسن ڈاکٹر سید درخشاں اندرابی اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا: ’’ہندوستان میں سب سے اچھا کام کرنے والا وقف بورڈ جموں و کشمیر کا وقف بورڈ ہے۔ میری اور حکومت ہند کی طرف سے پوری مدد ملے گی۔‘‘
رجیجو نے کہا کہ انہیں بورڈ کے کئی کاموں میں سے کچھ کا افتتاح کرنے کا موقع ملا ہے۔ ان کے مطابق نرسنگ کالج کے انتظامات مثالی ہیں اور وہ انتظامیہ سے بھی خوش ہیں۔ انہوں نے خاص طور کالج کے کمروں کی تعمیر کو سراہا اور کہا کہ اس سے جموں و کشمیر کے لوگوں کو بہت فائدہ ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ صحت اور تعلیم کے شعبے اہم ہیں، اور وقف بورڈ نے انہی کی طرف زیادہ توجہ دی ہے۔

