تاثیر23 نومبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
ممبئی، 23 نومبر:مہاراشٹر میں ریپیڈو اور دیگر کمپنیوں کی بائیک ٹیکسی خدمات کے خلاف بعض رکشا اور ٹیکسی تنظیموں کی ہڑتال کے اعلان کے باوجود ممبئی اور ممبئی میٹروپولیٹن ریجن میں آٹو رکشا اور ٹیکسی خدمات معمول کے مطابق جاری رہیں گی۔ ششانک راؤ کی قیادت والی ممبئی آٹو رکشا ٹیکسی مینس یونین نے ہڑتال میں شریک نہ ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ راؤ نے واضح کیا کہ ان کی تنظیم غیر قانونی بائیک ٹیکسی خدمات کے خلاف احتجاج جاری رکھے گی۔ ان کا الزام ہے کہ ریپیڈو سمیت مختلف کمپنیاں مقررہ ضابطوں کی خلاف ورزی کرکے بائیک ٹیکسیاں چلارہی ہیں، جس سے روایتی رکشا، ٹیکسی مالکان اور ایگریگیٹر کمپنیوں سے وابستہ کیب ڈرائیوروں کی آمدنی متاثر ہورہی ہے۔
راؤ کے مطابق گزشتہ ہفتے مشترکہ ایکشن کمیٹی کی مختلف تنظیموں کے نمائندوں نے ٹرانسپورٹ کمشنر سے ملاقات کرکے غیر قانونی بائیک ٹیکسیوں کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ایپ پر ڈرائیوروں کی رجسٹریشن کے دوران ضروری جانچ اور پولیس ویریفکیشن نہیں ہوتا، بلکہ دستاویزات اپ لوڈ کرتے ہی انہیں خدمات میں شامل کرلیا جاتا ہے۔ اس سے مجرمانہ پس منظر رکھنے والے افراد کے بھی ڈرائیور بننے کا خدشہ ہے۔ تنظیم نے مسافروں سے ضابطوں کے خلاف کرایہ وصول کرنے والی خدمات پر 15 دن میں کارروائی شروع کرنے اور ایپس پر بائیک رجسٹریشن محدود کرنے کا مطالبہ کیا۔ راؤ کے مطابق محکمہ ٹرانسپورٹ نے اصولی اتفاق ظاہر کیا ہے اور 15 سے 20 دن میں کارروائی متوقع ہے۔ وعدہ پورا نہ ہونے پر تنظیمیں اگلے احتجاج کا فیصلہ کریں گی۔

