تصویر جلد صاف ہوجائے گی

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 1st Jan.

بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار نے وزیر اعظم نریندر مودی پر اچانک حملہ کرکے سب کو حیران کر دیا ہے۔ بہار میں این ڈی اے کے ساتھ حکومت میں شامل رہتے ہوئے نتیش کمار نےکئی بار پٹنہ میں وزیر اعظم نریندر مودی کا استقبال کیا ہے۔ دہلی جاکر پی ایم سے ملاقاتیں بھی کی ہیں۔ اگربہت پہلے کی بات کی جائے تو نریندر کومودی سے نتیش کمار کے سیاسی رشتے وقت کے مطابق بظاہر بگڑتے بنتے رہے ہیں۔ حالانکہ یہ حقیقت ہے کہ این ڈی اے میں شامل نہیں رہنے کے باوجود نتیش کمار براہ راست پی ایم مودی پرحملہ کرنے سے گریز کرتےر ہے ہیں۔ گزشتہ سال این ڈی سے الگ ہونے کے بعد پی ایم مودی اور وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے درمیان جس طرح سے دھیرے دھرے دوری بڑھی ہے،اسے سبھی لوگوں نے اچھی طرح سے محسوس کیا ہے۔اس کے باوجود متعلقہ باتوں کو مسکراتے ہوئے ٹال دینا نتیش کمار کی عادت میں شامل رہا ہے۔ مگر اب ایسا لگتا ہے کہ نئے سال (2023) کے آغاز نےپی ایم نریندر مودی کے تئیں وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے مزاج کو یکسربدل دیا ہے۔شاید یہی وجہ ہے کہ نتیش کمار نے بالواسطہ طور پر پی ایم مودی کو نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ کچھ لوگ نئی قوم کا نیا باپو بننا چاہتے ہیں۔ باپو بننے والوں کو یہ بتانا چاہئے کہ قوم کے لئے انھوں نے کیا کیا ہے؟ ایک پروگرام سے خطاب کے دوران نتیش کمار نے یہ بھی کہہ دیا کہ ان کا یعنی آر ایس ایس کا آزادی کی جدوجہد سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ نتیش کمار نے سوالیہ انداز میں حملہ کرکے یہ اشارہ دے دیا ہے کہ آر ایس ایس کے ساتھ ساتھ اب وہ پی ایم مودی سے بھی واضح لفظوں میں سوال کرنے کے لئے تیار ہیں۔
وزیراعلیٰ نے پوچھا ہےکہ جدوجہد آزادی سے’’ ان کا‘‘ کیا لینا دینا ہے؟ وزیر اعلیٰ کا اپنے انداز میں کہنے کا یہ صاف مقصد تھا کہ ’’جن لوگوں کا جدوجہد آزادی سے دور دور کا رشتہ نہیں رہا ہےاورجن کی تنظیم آر آر ایس کا کوئی تعاون نہیں رہا ہے، وہ ملک و قوم کے لئے کچھ نہیںکر سکتے ہیں۔ویسے لوگوں کے حوالے سے ملک کی ترقی کی بات کرنے سے کوئی فائدہ نہیں ہے۔ملک کی آزادی کے لئے جن لوگوں نے قربانیاں دیںان لوگوں کے بارے ہم لوگ بہت کچھ جانتے اور سنتے ہیںباپو(مہاتما گاندھی) کی قربانی کو ہم لوگ بھول نہیں سکتے ہیں۔ہمارے آبا و اجداد آزادی کی جدجہد میں شامل تھے۔لیکن جن کا کوئی پتہ ٹھکانہ نہیں تھا وہ آج ایسی ایسی باتیں کرتے ہیں،جن کا کوئی معنی مطلب نہیں ہے۔‘‘ وزیر اعلیٰ نتیش کمارکے خطاب کے حوالے بعض سیاسی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس سے پہلے نتیش کمار نے کبھی آر ایس ایس پر اس طرح حملہ نہیں کیا تھا۔ سیاسی ماہرین کا یہ بھی ماننا ہے کہ عظیم اتحاد میں شامل راشٹریہ جنتا دل کے سربراہ لالو یادو آر ایس ایس کے سب سے بڑے دشمن ہیں اور نتیش کمار عظیم اتحاد کے استحکام میں مزید مضبوطی لانے کے لیے بی جے پی کے ساتھ ساتھ آر ایس ایس کو بھی مسلسل نشانہ بنا رہے ہیں۔
نتیش کمار یہیں نہیں رکے، انہوں نے سوالیہ لہجے میں یہ بھی کہا کہ جو لوگ نئے بھارت کے نئے باپو بننا چاہتے ہیں، انھوں نے بھارت کے لئے کیا کیا ہے ؟ کون سا کام کیا ؟ بھارت نے کہاں ترقی کی ہے ؟ صحیح باتیں لوگوں تک نہیں پہنچ پاتی ہیں۔ جو وہ کہتے ہیں، میڈیا والوں کو وہی لکھنا پڑتا ہے۔میڈیا کے لوگ اپنی رائے نہیں رکھ پاتے ہیں۔یہی تو انھوں نے کیا ہے۔ پہلے ایسا کہاں ہوتا تھا ؟
نتیش کمار نے نئے سال کے آغاز میں یہ بھی صاف کر دیا ہے کہ کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی کی حمایت کرنے کے لئے وہ پوری طرح سے تیار ہیں۔اپوزیشن کے سارے لوگ مل بیٹھ کرتمام پہلوؤ پر بات کریں گے اور سبھی باتوں کو طے کریں گے۔صرف کانگریس کے موقف کا انتظار ہے ۔ وہ تمام اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مل کر کام کر نے کے لئے تیار ہیں۔اس پر بھی بات ہو رہی ہے۔ نتیش کمار کے مطابق وزیر اعظم کے امیدوار کا فیصلہ کانگریس کو کرنا ہے۔ اس سلسلے میں گفتگو جاری ہے۔ نتیش کمار نے ایک بار پھر یہ واضح کر دیا ہے کہ وہ وزیر اعظم نہیں بننا چاہتے ہیں۔ وہ صرف یہی چاہتے ہیں کہ تمام اپوزیشن جماعتیں ایک پلیٹ فارم پر آئیں اور مل جل کر مناسب فیصلہ کریں۔ نتیش کمار کی خواہش ہے کہ تمام جماعتیں ساتھ چلیں۔قابل ذکر ہے کہ کانگریس لیڈر کمل ناتھ بہت پہلے کہہ چکے ہیں کہ راہل گاندھی 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں وزیر اعظم کے امیدوار ہوں گے۔نتیش کمار بھی اس موقف کی حمایت کرنے کے لئے تیار ہیں۔
وزیر اعلیٰ بہار نتیش کمار کی اس وضاحت کا ملک کی دیگر اپوزیشن جماعتوں پر کیا اثر پڑے گا، یہ دیکھنے کی بات ہوگی ۔تمام اپوزیشن جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر لانا نتیش کمار کا مشن ہے۔ وہ جلد ہی اس سلسلے میں اپنا اگلا پروگرام شروع کر سکتے ہیں۔وہ پہلے کئی بار یہ کہہ چکے ہیں کہ ملک سے نفرت کی سیاست کو ختم کرنا ان کا مشن ہے اور وہ اپنے مشن میںکامیاب ہوکر رہیں گے۔مگر اپوزیشن کی کون کون سی جماعتیں ان کے اس مشن کے ساتھ ہیں،یہ بات ابھی پوری طرح سامنے نہیں آئی ہے۔حالانکہ بی جے پی کا دعویٰ ہے کہ نتیش کمار اپنے مشن کے ساتھ اکیلے ہیں۔چند دنوں میں تصویر صاف ہوجائے گی، ایسا امکان ہے۔
**********************