شدید سردی کی وجہ سے نظام زندگی درہم برہم

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 4th Jan.

 دربھنگہ(فضا امام) 4 جنوری:- پورے ضلع میں شدید سردی نے نظام زندگی کو مکمل طور پر پٹڑی سے اُتار دیا ہے ۔ دن بھر دھوپ کے نہ آنے کی وجہ سے لوگ ہڈیوں کو ٹھنڈا کرنے والی سردی سے پریشان ہوگئے۔ صبح سے تقریباً نو کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی پچھوا ہواؤں نے لوگوں کو گھروں کی دیواروں کے اندر رہنے پر مجبور کردیا۔ صبح پانچ بجے شہر کا ٹمپریچر 6 ڈگری سیلسیس تک گر گیا۔ شدید سردی سے لرزتے ہوئے لوگ آسمان کی طرف دیکھتے اور سورج نکلنے کا انتظار کر تے نظر آیے۔ تیز رفتار برفیلی ہوا کے باعث شہر کی سڑکوں پر دن بھر ویرانی رہی۔ یہ صورتحال رات گئے تک جاری رہی۔ جس کی وجہ سے لوگوں نے مزید سردی محسوس کی۔ صبح 10 بجے تک دھند کے باعث گاڑیاں ہیڈ لائٹس کی مدد سے سڑکوں پر چلتی نظر آئیں۔ چوک چوراہوں پر آگ جلا کر لوگ سردی سے لڑنے میں مصروف تھے۔ شدید سردی کی وجہ سے دہلی موڑ پر واقع بس اسٹینڈ کے علاوہ دربھنگہ جنکشن پر مسافروں کی تعداد عام دنوں کے مقابلے بہت کم رہی۔ سردی کے پھیلاؤ کو دیکھتے ہوئے لوگوں کی بڑی تعداد نے یاترا ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا۔ ہڈیوں کو ٹھنڈا کرنے والی سردی نے مزدوروں کی کمر توڑ دی۔ سڑکوں پر لوگوں کی تعداد نہ ہونے کے باعث رکشہ چلانے والے بیٹھے مسافروں کا انتظار کرتے رہے۔ شہر کے بڑے بازار جیسے دربھنگہ ٹاور، باقر گنج، مولا گنج، قلعہ گھاٹ،گنگوارہ وغیرہ میں مکمل ویرانی تھی۔ سرد لہر کے سبب گوشت ،انڈےاور چکن کے دکاندار کی چلتی ہے۔ محکمہ موسمیات کا اندازہ ہے کہ لوگوں کو اگلے پانچ سے چھ دنوں تک سردی کی لہر کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ صبح سویرے ٹمپریچر میں پانچ سے چھ ڈگری گرنے کا امکان ہے۔