Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 4th Jan.
باغپت،04جنوری : باغپت، کانگریس کی ’بھارت جوڑو یاترا‘اس وقت اتر پردیش سے گزر رہی ہے۔ یوپی میں یاترا اپنے دوسرے دن پر ہے۔ بھارت جوڑو یاترا کے انچارج اور کانگریس کے سینئر لیڈر سلمان خورشید نے بتایا کہ ریاست میں یاترا کو کافی پذیرائی مل رہی ہے۔ خورشید نے بتایا کہ میں نے یوپی کی سابق وزیر اعلیٰ مایاوتی سے فون پر بات کی، وہ پہلے ہی نیک خواہشات دے چکی ہیں۔سلمان خورشید نے بتایا کہ سماج وادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نے بھی بھارت جوڑو یاترا کی حمایت کی ہے۔ جینت چودھری نے راہل جی سے فون پر بات کی ان کی پارٹی کے کارکنان ان کی حمایت میں آئے ہیں۔ یہ سیاسی سفر نہیں اپوزیشن آپ کے ساتھ ہے۔ ہمیں رام مندر کے مہنت نے بھی سپورٹ کیا ہے، ہم نے دل کی گہرائیوں سے ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔یوپی میں کانگریس کی بھارت جوڑو یاترا دوسرے دن باغپت کے ماوی کلاں سے شروع ہوئی۔ اس دوران راہل گاندھی کے ساتھ سابق سی ایم ڈگ وجے سنگھ، جے رام ٹھاکر، کنہیا کمار سمیت کئی بڑے لیڈر شامل ہیں۔ یاترا شروع ہوتے ہی رالود اور بھکیو قائدین نے استقبال کیا۔ اس سے پہلے، کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا یاترا میں شامل ہوئیں، انہوں نے اپنے بھائی اور پارٹی کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ راہل گاندھی کو ٹھنڈ نہیں لگتی کیونکہ انہوں نے سچائی کی ڈھال پہن رکھی ہے۔راہل گاندھی کی قیادت میں کانگریس کی بھارت جوڑو یاترا 7 ستمبر کو تمل ناڈو کے کنیا کماری سے شروع ہوئی۔ یہ سفر اب تک تقریباً 3200 کلومیٹر کا فاصلہ طے کر چکا ہے۔ کانگریس کا کہنا ہے کہ راہل گاندھی وہ مقام حاصل کرنے کی راہ پر گامزن ہیں، جو ملک کی تاریخ میں کوئی بھی ہندوستانی سیاست دان چل کر حاصل نہیں کرسکا۔ بھارت جوڑو یاترا پنجاب، ہماچل پردیش جانے سے پہلے اتر پردیش کے بعد ہریانہ میں داخل ہوگی اور جموں و کشمیر کے سری نگر میں اختتام پذیر ہوگی۔