Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 11th Jan.
کابل ،11جنوری:افغانستان میں حکمران طالبان خواتین کو دبانے کے اپنے منصوبے سے باز نہیں آئے۔ العربیہ کے ذرائع نے منگل کو اطلاع دی ہے کہ طالبان حکومت نے افغانستان میں خواتین کے بیوٹی سیلون کو بند کرنے کے لیے 10 دن کی مہلت دی ہے۔ذرائع نے مزید بتایا کہ طالبان نے لڑکیوں کو تجارتی مراکز میں کام کرنے سے روکنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ایک امریکی وفد افغان مزاحمتی محاذ کی سپریم کونسل سے ملاقات کے لیے ترکیہ پہنچا تاکہ ملک میں بحران کے حل پر بات چیت کی جا سکے۔خیال رہے کہ افغانستان میں خواتین کے بیوٹی پارلرز پر پابندی ایک ایسے وقت میں لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جب حال ہی میں طالبان نے غیر سرکاری تنظیموں کو احکامات جاری کیے کہ وہ خواتین کو ان تنظیموں کی ملازمت سے نکال باہر کریں۔قبل ازیں طالبان نے لڑکیوں کی یونیورسٹیوں میں تعلیم پر بھی پابندی عاید کرنے کا اعلان کیا تھا۔اگرچہ طالبان نے اگست 2021 میں اقتدار میں واپس آنے کے بعد زیادہ لچک دکھانے کا وعدہ کیا تھا، لیکن وہ اپنے وعدوں سے جلد ہی مکر گئے۔ گذشتہ ڈیڑھ برس سے طالبان نے خواتین کے خلاف پابندیوں میں آئے روز اضافہ کیا ہے۔