Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 13th Jan.
نئی دہلی، 12 جنوری : جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) کے سابق صدر شرد یادو کا جمعرات کی شب انتقال ہوگیا۔ اس کی اطلاع جمعرات دیر رات ان کی بیٹی سبھاشنی شرد یادو نے ٹویٹ کرکے دی۔ سابق مرکزی وزیر شرد یادو کے انتقال پر صدر جمہوریہ، وزیر اعظم سمیت تمام رہنماو?ں نے اطہار تعزیت کیا ہے۔فورٹس اسپتال کی جانب سے جاری بیان کے مطابق شرد یادو کو بے ہوشی کی حالت میں اسپتال لایا گیا تھا۔ ان کے جسم میں کوئی حرکت نہیں تھی۔ اے سی ایل ایس پروٹوکول کے تحت انہیں پی سی ا?ر دیا گیا لیکن انہیں بچایا نہیں جاسکا۔قابل ذکر ہے کہ سال 2017 میں جے ڈی یو سے ان کا اختلاف ہوگیا تھا جس کے بعد انہوں نے سال 2018 میں لوک تانترک جنتا دل (ایل جے ڈی) پارٹی بنائی تھی۔ شرد یادو نے 1999 اور 2004 کے درمیان اٹل بہاری واجپئی حکومت میں مختلف وزارتوں میں کابینہ وزیر کے طور پر خدمات انجام دیں۔ وہ سات بار لوک سبھا اور تین بار راجیہ سبھا کے رکن رہے۔
صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے ٹویٹ کیا کہ سابق مرکزی وزیر شری شرد یادو کے انتقال کے بارے میں جان کر دکھ ہوا۔ جمہوری اقدار کے لیے جدوجہد کرنے والے ستر کی دہائی کے طالب علم رہنما شرد جی پارلیمنٹ میں پسماندہ طبقے کی ایک اہم قومی ا?واز تھے۔ ان کے خاندان اور مداحوں سے میری گہری تعزیت ہے۔
وزیر اعظم مودی نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ انہیں شرد یادو کے انتقال سے بہت دکھ ہوا ہے۔ اپنے طویل عوامی کیرئیر میں انہوں نے خود کو پارلیمنٹرین اور وزیر کے طور پر ممتاز کیا۔ وہ ڈاکٹر لوہیا کے نظریات سے بہت متاثر تھے۔ میں ہمیشہ ہماری گفتگو کو یاد رکھوں گا۔ ان کے اہل خانہ اور مداحوں سے تعزیت۔ شانتی۔
لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ میں سینئر سیاستداں، سابق رکن پارلیمنٹ شرد یادو کے انتقال پر تعزیت کرتا ہوں۔ وہ غیر معمولی صلاحیتوں کے حامل ایک عظیم سوشلسٹ رہنما تھے جنہوں نے اپنی زندگی پسماندہ اور استحصال زدہ لوگوں کے درد کو دور کرنے کے لیے وقف کر دی تھی۔ ان کی موت سوشلسٹ تحریک کے لیے بہت بڑا نقصان ہے۔ لواحقین سے میری تعزیت۔
وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ مجھے سابق مرکزی وزیر اور ملک کے سینئر لیڈر جناب شرد یادو کے انتقال سے بہت تکلیف ہوئی ہے۔ اپنے طویل سیاسی کیرئیر میں انہوں نے ہمیشہ سماج کے کمزور طبقات کے مسائل کو بھرپور طریقے سے اٹھایا۔ انہوں نے ایمرجنسی کے دوران جمہوریت کے تحفظ کے لیے بھی بہت جدوجہد کی۔ ان کی موت سے ہندوستانی سیاست کی ایک موثر ا?واز خاموش ہوگئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شرد جی کے ساتھ میرا بہت طویل اور بہت گہرا رشتہ رہا ہے۔ اخلاقیات کے لحاظ سے بہت سادہ اور بیباک شرد جی کا انتقال ایک بڑا نقصان ہے۔ دکھ کی اس گھڑی میں میں ان کے سوگوار خاندان اور حامیوں کے تئیں تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ اوم شانتی!
کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے ٹویٹ کیا کہ مجھے ملک کے سماجوادی دھارے کے سینئر لیڈر، جے ڈی یو کے سابق صدر شری شرد یادو کے انتقال سے دکھ ہوا ہے۔ سابق مرکزی وزیر اور کئی دہائیوں تک ایک شاندار پارلیمنٹرین کے طور پر ملک کی خدمت کرتے ہوئے انہوں نے مساوات کی سیاست کو مضبوط کیا۔ ان کے اہل خانہ اور حامیوں سے میری گہری تعزیت۔
اتر پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے ٹویٹ کرکے شرد یادو کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے لکھا کہ عظیم سماجوادی رہنما محترم شرد یادو کا انتقال انتہائی دل دہلا دینے والا ہے۔ ایشور ان کی روح کو سکون دے اور سوگوار خاندان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی طاقت دے۔ اوم شانتی!
قابل ذکر ہے کہ جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) کے سابق صدر شرد یادو کا جمعرات کو انتقال ہوگیا ہے۔ ان کی عمر 75 برس تھی۔ انہوں نے گروگرام کے فورٹس اسپتال میں ا?خری سانس لی۔