Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 13th Jan.
ویلنگ ٹن ، 13جنوری : نیوزی لینڈ کی ٹیم ہندوستانی دورے پر ٹیم انڈیا کے ساتھ 3ونڈے کے علاوہ 3 T20 میچوں کی سیریز کھیلے گی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلے ونڈے سیریز کھیلی جائے گی۔ بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان 3 ون ڈے میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 18 جنوری کو کھیلا جائے گا۔ جبکہ 3 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 27 جنوری سے کھیلا جائے گا۔ تاہم نیوزی لینڈ نے بھارت کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے اپنی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔مچل سینٹنر انڈیا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں ٹیم کے کپتان ہوں گے۔ جبکہ اس کے علاوہ فاسٹ بولر بین لسٹر کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ماضی میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کھیلنے والے نو کھلاڑی مچل سینٹنر کی قیادت میں نیوزی لینڈ کی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔ دراصل جب نیوزی لینڈ اے ٹیم ہندوستان کے خلاف سیریز کھیل رہی تھی تو بین لسٹر اس کیوی ٹیم کا حصہ تھے لیکن اس تیز گیند باز کو نمونیا میں مبتلا ہونے کے بعد واپس نیوزی لینڈ جانا پڑاتھا۔بین لسٹر کے علاوہ ہنری شپلے بھی نیا چہرہ ہوں گے۔ ہنری شپلی نے حال ہی میں پاکستان کیخلاف اپنا ون ڈے ڈیبیو کیا تھا۔ اس کے علاوہ لیگ اسپنر مائیکل ریپن کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ مائیکل ریپن نے گزشتہ سال اسکاٹ لینڈ کے خلاف ڈیبیو کیا تھا۔ ساتھ ہی انڈیا کے خلاف سیریز کے لیے ٹیم کے انتخاب کے بعد نیوزی لینڈ کرکٹ سلیکٹر گوون لارسن نے کہا کہ بین لسٹر نے تمام فارمیٹس میں خود کو ثابت کیا ہے۔