انڈر 19وومینز ورلڈ کپ : پہلے ہی میچ میں بنگلہ دیش کا بڑا اَپ سیٹ ، آسٹریلیا کو دی شکست

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 14th Jan.

کیپ ٹاؤن؍نئی دہلی ، 14جنوری : جنوبی افریقہ میں کھیلے جا رہے ویمنز انڈر 19 ورلڈ کپ کا آغاز بڑے اپ سیٹ کے ساتھ ہوا ۔ بنگلہ دیش کی ٹیم نے ٹرافی جیتنے کی دعویدار سمجھی جانے والی آسٹریلوی ٹیم کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔ ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 5 وکٹوں کے نقصان پر 130 رنز بنائے۔ بنگلہ دیش نے جیت کا ہدف 18ویں اوور میں صرف 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔جنوبی افریقہ میں 14 سے 29 جنوری تک کھیلے جانے والے خواتین کے انڈر 19 ورلڈ کپ کا آغاز شاندار رہا۔ ٹورنامنٹ کے پہلے روز پہلے میچ میں بنگلہ دیش کی ٹیم نے آسٹریلیا کیخلاف 7 وکٹوں کی بڑی جیت سے آغاز کر کے سب کو حیران کر دیا۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کلیری مور کی نصف سنچری اور ایلا ہیورڈ کی 35 رنز کی اننگز کی بدولت 5 وکٹوں پر 130 رنز بنائے۔ بنگلہ دیش کی جانب سے معروفہ اختر اور دیشا بسواس نے 2-2 وکٹیں حاصل کیں۔131 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کا آغاز بھی اچھا نہ تھا اور پہلی ہی گیند پر ہی دھچکا لگا۔ کھاتہ کھولے بغیر مشٹھی شاہا ریج مکینانو کی گیند پر وکٹ کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوگئیں۔ عافیہ پروتاشا اور دلکر اختر نے اننگز کو سنبھالتے ہوئے ٹیم کا سکور آگے بڑھایا۔ 66 رنز کے اسکور پر دلکر 40 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئیں، جبکہ عافیہ 24 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئیں۔ اس کے بعد شورنا اور سمیعہ اختر کی جوڑی نے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔