Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 18th Jan.
نئی دہلی ، 18 جنوری : دہلی قانون ساز اسمبلی میں آج عام آدمی پارٹی کے ایم ایل اے مہیندر گوئل نے رشوت میں وصول کیے گئے نوٹوں کا بنڈل دکھایا اور بتایا کہ کس طرح دہلی کے سرکاری اسپتال میں ٹھیکیدار ملازمین کو ٹھیکے پر رکھنے کیلئے پیسے لے کر بڑا کھیل کھیلتے ہیں۔ بی جے پی کے ممبران اسمبلی اجے مہاور ، او پی شرما ، ابھے ورما اور انل واجپائی کو مارشل کے ذریعہ باہر کر دیا گیا۔ اس کے بعد بی جے پی کے دیگر اراکین اسمبلی نے بھی احتجاج کے طور پر ایوان سے واک آؤٹ کرگئے۔ بی جے پی ممبران اسمبلی نے آلودہ یمنا کا مسئلہ اٹھایا تھا اور حکومت سے جواب مانگ رہے تھے۔
اس دوران رٹھالا سے آپ کے ایم ایل اے مہیندر گوئل نے ودھان سبھا کے اسپیکر رام نیواس گوئل سے اسپتال میں کنٹریکٹ پر ملازمین کو رکھنے کے بدلے پیسے لینے کے معاملے پر سخت کارروائی کا مطالبہ کیا اور اس میں اپوزیشن سے تعاون بھی طلب کیا۔اے اے پی ایم ایل اے مہندر گوئل نے کہا کہ یہ مسئلہ آج اسمبلی میں اٹھایا گیا ہے کیونکہ انہیں خدشہ ہے کہ ٹھیکیدار مافیا انہیں اور ان کے خاندان کو بھی نقصان پہنچا سکتے ہیں۔ اس پر اسمبلی اسپیکر رام نواس گوئل نے آپ ایم ایل اے سے پورے معاملے میں تحریری شکایت اور ثبوت پیش کرنے کو کہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اسے تحقیقات کے لیے اسمبلی کی پٹیشن کمیٹی کو بھیجیں گے۔
قابل ذکر ہے کہ دہلی اسمبلی اجلاس کے تیسرے دن بدھ کو رول 280 کے تحت جب تمام ممبران اسمبلی مختلف مسائل پر بات کر رہے تھے ، تب ایم ایل اے مہندر گوئل نے اپنے حلقے کے ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر اسپتال میں کنٹریکٹ پر ملازم رکھے جانے اور ان کے کام کرنے کا معاملہ اٹھایا۔
انہوں نے کہا کہ دہلی حکومت کے اس اسپتال میں وقتاً فوقتاً ملازمین کو صفائی سے لے کر نرسنگ وغیرہ کے کاموں کے لیے ٹھیکے پر رکھا جاتا ہے۔ کچھ عرصے بعد جب ان کا معاہدہ ختم ہو جاتا ہے تو نئی کمپنیوں کو یہ کام دیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں جس کمپنی کو یہ کام دیا گیا ، اس نے رشوت لے کر تمام آسامیوں پر ملازمین کو تعینات کیا۔ اس کی اطلاع ملتے ہی اس نے ٹھیکیدار سے رابطہ کیا۔ اس پر ٹھیکیدار نے انہیں چپ رہنے کے لیے رشوت کے طور پر رقم بھی دی۔ یہ رقم اپنے ساتھ لے کر وہ آج ودھان سبھا پہنچے اور ایوان کی کارروائی کے دوران اسے دکھایا۔
انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں دہلی پولیس لیفٹیننٹ گورنر کو شکایت دی گئی ہے ، لیکن ابھی تک کوئی کارروائی نہیں کی گئی ہے۔ مجبوری کی وجہ سے آج اسی معاملے کو لے کر آیا ہوں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایسے ٹھیکیداروں کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے۔ اس پر اسمبلی کے اسپیکر نے آپ ایم ایل اے سے پورے معاملے کو تحریری طور پر دینے کو کہا۔ اس سلسلے میں جن لوگوں کے خلاف اب تک شکایات آئی ہیں ان کی ایک کاپی دینے کو بھی کہا ، تاکہ معاملہ پٹیشن کمیٹی کے حوالے کیا جا سکے۔