Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 18th Jan.
سمستی پور مورخہ 18/جنوری (محمد خورشید عالم )سمستی پورضلع کے ٹاؤن تھانہ علاقہ کے تحت کاشی پور چوک میں منگل کی رات شراب کے نشے میں ہنگامہ کرنے والے ایک نوجوان کو پولیس نے گرفتار کیا ہے۔ گرفتاری کے بعد نوجوان نے تھانے سے صدر اسپتال تک کافی ہنگامہ کیا۔ اس دوران ان کی ایک نجی پورٹل کے صحافی سے جھگڑا بھی ہوا جو صدر اسپتال میں ویڈیو بنا رہا تھا۔ پولیس کی تحویل میں لیے گئے نوجوان کی شناخت انوپم کمار ولد پشوپتی داس کے طور پر کی گئی ہے جو شہر کے کاشی پور وارڈ نمبر 32 محلہ کا رہنے والا ہے۔بتایا گیا ہے کہ ٹاون پولیس کو دیر رات اطلاع ملی کہ ایک نوجوان نشے میں دھت ہے جو شہر کے کاشی پور ہنومان مندر سڑک پر ہنگامہ آرائی کر رہا ہے ساتھ ہی وہ راہگیروں کے ساتھ بدتمیزی بھی کر رہا ہے۔ اطلاع ملنے پرٹاؤن پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور نوجوان کو حراست میں لے لیا۔ اس دوران چوک پر بھی وہ پولیس ٹیم پر کئی الزامات لگاتا رہا۔ بعد ازاں جب اسے تھانہ لایا گیا اور وہاں سے اسے صدر اسپتال بھیجا گیا تو نوجوان نے کافی ہنگامہ کھڑا کردیا، صدر اسپتال میں طبی معائنہ کے دوران نوجوان کے جسم میں 200 فیصد الکوحل کی مقدار پائی گئی۔ تھانہ صدر چندرکانت گوری نے بتایا کہ نوجوان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے بعد معاملے کی جانچ کی جارہی ہے کہ نوجوان کو شراب کہاں سے ملی۔ تاکہ شراب کے تاجروں کو گرفتار کیا جا سکے۔ واضح رہے کہ امتناعی شراب بندی قانون نافذ ہونے کے باوجود روزانہ شراب کے نشے میں ہنگامہ کرنے کا معاملہ رونما ہو رہا ہے۔