Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 19th Jan.
پٹنہ، 19 جنوری: بہار کے ویشالی میں خاتون پولیس کی بہادری کا ایک سی سی ٹی وی ویڈیو سامنے آیا ہے۔ بہار پولیس نے ویڈیو ٹویٹ کرکے دو خواتین کانسٹیبلوں کی تعریف کی ہے۔ سی سی ٹی وی میں دونوں کانسٹیبل تین بدمعاشوں سے مقابلہ کرتی نظر آرہی ہیں۔ ان کی بہادری کی وجہ سے بینک لوٹنے سے بچ گیا۔ جس کے بعد ویشالی کے پولیس سپرنٹنڈنٹ نے خوش ہو کر خواتین کانسٹیبلوں کو انعام دیا ہے۔
در اصل بدھ کے روز ویشالی ضلع کے صدر تھانہ علاقے کے سیندواری چوک پر واقع بہار گرامین بینک میں خاتون کانسٹیبل شانتی کماری اور جوہی کماری ڈیوٹی پر تھیں۔ بینک کا کاروبار معمول کے مطابق جاری تھا۔ اسی دوران بائک سوار چار بدمعاش وہاں پہنچے اور بینک میں گھسنے کی کوشش کرنے لگے۔ اس پر بینک کی سیکورٹی میں تعینات دونوں کانسٹیبلوں کو اس پر شک ہوا۔ انہوں نے شرپسندوں سے ماسک اتارنے اور پاس بک دکھانے کو کہا۔
خاتون کانسٹیبل کا ماسک اتارنے کے سوال پر چاروں بدمعاشوں نے غصے میں آکر ان کی طرف پستول تان دیا۔ اس کے بعد خواتین کانسٹیبل بھی بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ان سے بھڑ گئی۔ اس دوران شرپسندوں نے سپاہی سے اسلحہ چھیننے کی کوشش بھی کی جس میں خواتین کانسٹیبلوں کو معمولی چوٹیں آئیں۔ جب بدمعاشوں کو لگا کہ خاتون کانسٹیبل ان پر بھاری پڑ رہی ہے تو بدمعاش وہاں سے بھاگ گئے۔
اس دوران بدمعاش اپنی موٹر سائیکل بینک کے باہر چھوڑ گئے۔ یہ سارا واقعہ سی سی ٹی وی میں قید ہوگیا۔ واقعے کی اطلاع مقامی تھانہ کو دی گئی۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ویشالی کے پولیس سپرنٹنڈنٹ منیش بھی موقع پر پہنچ گئے۔ موقع پر پہنچے پولیس افسران نے بہادر خواتین کانسٹیبلوں کی تعریف کی۔