Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 21st Jan.
جموں،21جنوری:جموں ریلوے اسٹیشن کے پاس دوکار بم دھماکوں میں اب تک سات لوگ زخمی ہوئے اوراس کے فوراً بعد سارے شہر میں سیکورٹی بڑھا دی گئی۔ یہ دو دھماکے 15منٹ کے اندر پیش آئے۔ ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل آف پولیس جموں نے کہا کہ سات لوگوں کو اسپتال میں داخل کرایاگیا لیکن ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ یہ دھماکہ نروال ٹرانسپورٹ احاطے میں ہوا۔ اوریہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب کانگریس رہنما راہل گاندھی بھارت جوڑو یاترا کے سلسلے میں جموں شہر میں موجود ہیں۔ پہلا بم دھماکہ 10بج کر45منٹ پر ہوا اور اس کے 15منٹ بعد دوسرا دھماکہ پیش آیا۔ پورے علاقے کو محاصرے میں لیاگیا اور دہشت گردوں کو پکڑنے کے لئے تلاش جاری ہے۔ عینی شاہدین نے کہا کہ پہلا دھماکہ ایک کار میں ہوا جسے ورکشاپ میں ٹھیک کرنے کے لئے بھیجا گیاتھا اور دوسرا دھماکہ اس کے فوراً بعد پیش آیا۔ پہلے دھماکے میں پانچ لوگ زخمی ہوئے اوردوسرے میں مزید دو لوگ زخمی ہوئے۔ سیکورٹی اہلکاروں نے پورے شہر میں حفاظتی انتظامات بڑھا دیئے ہیں۔ پچھلے ایک مہینے کے اندر جموں خطے میں دہشت گرد سرگرمیوں میں تیزی آئی ہے۔ اس سے پہلے راجوری علاقے میں دہشت گردوں نے پے درپہ کئی حملے کئے۔ جس میں کئی لوگ مارے گئے۔ اور اس کے فوراً بعد مرکزی سرکار نے 2000مزید سی آر پی کے جوان وہاں بھیجے۔ راہل گاندھی کی یاترا کل جموں میں داخل ہوئی۔ لیکن ان کی سیکورٹی کے انتظامات معقول تھے۔ آج اس یاترا کا آرام کا دن تھا اور یہ کل پھر سے شروع ہوجائے گی۔ جو 30جنوری کو سری نگر کے لال چوک پر اختتام پذیر ہوگی۔