Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 21st Jan.
ڈھاکہ ،21جنوری : پاکستانی فاسٹ باؤلر وہاب ریاض نے پاکستانی کرکٹ کے لیے تاریخی کارنامہ انجام دے دیا۔ یہ جان کر شائقین کرکٹ بھی حیران ہیں ۔ دراصل وہاب ریاض ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 400 وکٹیں لینے والے پاکستان کے پہلے باؤلر بن گئے ہیں جب کہ وہ دنیا کے چھٹے باؤلر بن گئے ہیں۔ خیال رہے کہ ٹی 20 کرکٹ میں 400 یا اس سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر ڈیوین براوو ہیں جنہوں نے ٹی 20 میں 614 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ وہیں راشد خان دوسرے نمبر پر ہیں جن کے نام 496 وکٹیں ہیں۔ اس کے علاوہ تیسرے نمبر پر سنیل نارائن ہیں جنہوں نے ٹی ٹوئنٹی میں اب تک 474 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ اس کے علاوہ عمران طاہر نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 466 وکٹیں لے کر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔پانچویں نمبر پر شکیب الحسن ہیں جن کی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 436 وکٹیں ہیں۔وہیں اب پاکستان کے وہاب ریاض چھٹے نمبر پر ہیں جن کے نام اب کل 401 ٹی ٹوئنٹی وکٹیں درج ہو چکی ہیں۔بتادیں کہ وہاب ریاض نے یہ کارنامہ بنگلہ دیش پریمیر لیگ 2023 (بی پی ایل 2023) میں جمعہ کو ظہور آدم چودھری اسٹیڈیم میں انجام دیا۔پاکستانی بالر وہاب ریاض بنگلہ دیش پریمیر لیگ میں کھلنا ٹائیگرز کے لیے کھیلتے ہیں۔ جمعہ کو کھلنا ٹائیگرز کے لیے کھیلتے ہوئے وہاب نے چٹ گرام چیلنجرز کیخلاف میچ میں 4 وکٹیں حاصل کیں اور اس مقام تک پہنچنے میں کامیاب رہے۔