راجستھان میں ماونٹ آبو، فتح پور اور چورو سب سے زیادہ سرد

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 2nd Feb

جے پور، 2 فروری: گذشتہ دنوں پہاڑی علاقوں میں بارش اور برف باری کا اثر راجستھان کے موسم میں صاف نظر آرہا ہے۔ شمالی ہندوستان سے آنے والی برفیلی ہواؤں کے ساتھ دوبارہ ٹھنڈ ہونے کے ساتھ درجہ حرارت میں اتار چڑھاؤ جاری ہے۔ گزشتہ رات بدھ کو کئی شہروں میں کم سے کم درجہ حرارت چھ ڈگری سیلسیس سے نیچے ناپا گیا۔ شیخاوٹی علاقے کے ساتھ ساتھ، ماونٹ آبو اب بھی ریاست کے سرد ترین مقامات میں سے ایک ہے۔ موسمیاتی مرکز جے پور نے اگلے تین سے چار دنوں تک صاف موسم اور تیز ٹھنڈی ہوائیں چلنے کا امکان ظاہر کیا ہے جس کی وجہ سے کم سے کم درجہ حرارت میں کمی کا امکان ہے۔
گزشتہ رات ماؤنٹ آبو کادرجہ حرارت نقطہ انجمادپر یعنی صفر ڈگری پر ناپا گیا۔ اس دوران میدانی علاقوں میں شبنم کے قطرے جمتے دیکھے گئے جس میں فتح پور کا پارہ 2، چورو کا پارہ 3، بھیلواڑہ کا 4.8، بیکانیر کا 6.6، ادے پور کا 6.1، جے پور کا 8.4، جیسلمیر کا 7.8، پیلانی کا 6.8، سیکر کا 7.5، سری گنگانگر کاس8.4 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ اونچائی والے علاقوں سے میدانی ریاستوں کی طرف آنے والی برفانی ہواؤں کی وجہ سے موسم سرما کا اثر اب بھی تیزہے۔
آئی ایم ڈی کے مطابق، اگلے ہفتے تک ریاست میں ویسٹرن ڈسٹربنس کے دوبارہ فعال ہونے کی وجہ سے موسم کا مزاج بدل سکتا ہے جس کے باعث بعض مقامات پر دھند کے ساتھ ہلکی بارش کے بھی مکمل امکانات ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق دو سے تین روز تک موسم خشک رہے گا۔ اس کے علاوہ صبح و شام سردی کا اثر مضبوط رہے گا۔ شمالی ہندوستان میں برف باری کا اثر سروہی میں دیکھا جا رہا ہے۔ ریاست کا واحد پہاڑی مقام ماونٹ آبو میں ایک ماہ سے زیادہ عرصے سے شدید سردی کی لہر دیکھنے کو مل رہی ہے۔ بدھ کو کم سے کم درجہ حرارت مائنس 4 ڈگری رہا جس سے جمعرات کو راحت ملی۔ کم سے کم درجہ حرارت 4 ڈگری کے اضافے کے بعد 0 ڈگری پر ناپا گیا۔ جمعرات کو بھی پارہ نقطہ انجماد پر رہنے کی وجہ سے پہاڑی اسٹیشن ماونٹ آبو کے میدانی علاقوں سمیت کاروں کی چھتوں پر برف جم گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دنوں میں موسم خشک رہے گا۔ گزشتہ روز راجدھانی جے پور سمیت ریاست بھر کے مختلف اضلاع میں آسمان صاف رہا۔ دن میں دھوپ دیکھنے کو ملی۔ شدید سردی سے عوام کا نظام زندگی درہم برہم ہوگیا۔ لوگ سردی سے بچنے کے لیے ہیٹر اور الاو کا سہارا لے رہے ہیں۔ ریاست کے مختلف اضلاع میں سرسوں اور گندم کی فصلوں کو شدید بارشوں سے نقصان پہنچا ہے۔ ژالہ باری سے ربیع کی فصلوں کو کافی نقصان پہنچا ہے۔