شکست کے بعد نیوزی لینڈ کا شرمناک ریکارڈ، انڈیا کیخلاف کم ترین ا سکور بنایا

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 2nd Feb

نئی دہلی ، 2فروری : انڈیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلے گئے تیسرے اور فیصلہ کن T20 میچ میں ٹیم انڈیانے میچ 168 رنز سے جیت کر سیریز 2-1 سے جیت لی۔ اس ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کیوی ٹیم نے پہلا میچ جیتا ،لیکن اس کے بعد ان کی کارکردگی میں مسلسل بحران دیکھنے میں آیا۔تیسرے میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم انڈیا کے نئے اسٹار شوبھ من گل نے تابڑ توڑ بیٹنگ کی، انہوں نے ناقابل شکست 126 رنز کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 234 رن کا پہاڑ کھڑاکردیا۔ اس کے بعد ہندوستانی گیند بازوں نے اپنی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کیوی ٹیم کو 12.1 اوورز میں 66 رنز پر ڈھیر کرکے میچ 168 رنز سے جیت لیا۔ہندوستانی ٹیم کی اس جیت کے ساتھ ہی نیوزی لینڈ کی ٹیم نے بھی ایک ناپسندیدہ ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔ اب ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں انڈیا کیخلاف سب سے کم اسکور بنانے کے معاملہ میں کیوی ٹیم پہلے نمبر پر آ گئی ہے۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ آئرش ٹیم کے نام تھا جب سال 2018 میں کھیلے گئے میچ میں آئرش ٹیم ہندوستانی ٹیم کے سامنے 70 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔اس میچ میں بولنگ میں کپتان ہاردک نے اپنے 4 اوورز میں 16 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کی۔ ان کے علاوہ ارشدیپ سنگھ، عمران ملک اور شیوم ماوی نے بھی 2-2 وکٹیں حاصل کی ۔اس میچ میں نیوزی لینڈ کی آدھی ٹیم صرف 21 رنز کے اسکور پر پویلین لوٹ گئی تھی۔اس سیریز میں جہاں کپتان ہاردک پانڈیا نے گیند سے 5 وکٹیں حاصل کی وہیں وہ بلے سے بھی مجموعی طور پر 66 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔ اس ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے دو میچوں میں بلے سے زیادہ کام نہ کرنے والے شوبھ من گل نے آخری میچ میں سنچری کے ساتھ مجموعی طور پر 72 کی اوسط سے 144 رنز بنائے۔